سی سی ٹی وی فوٹیج میڈیا پر جاری بانی چیئرمین پی ٹی آئی قوم سے معافی مانگیں، کیسز کا سامنا کریں:9مئی مقدمات کا جلد فیصلہ سنایا جائے :وزیراطلاعات
لاہور(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے حواریوں نے ہر قدم ملک کو نقصان پہنچانے کیلئے اٹھایا، ایک جماعت نے منظم سازش کے ذریعے 9 مئی کے حملے کیے ، ان حملوں کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔
کیسز کا جلد فیصلہ سنایا جائے ،بانی چیئرمین پی ٹی آئی قوم سے معافی مانگیں ،کیسز کا سامنا کریں، پی ٹی آئی بیرونی مداخلت کا مطالبہ کررہی ہے ، یہ بتائیں ‘ہم کوئی ٖغلام ہیں’، کا نعرہ کہاں گیا۔وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس کے دوران 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں کی نئی سی سی ٹی وی ویڈیوز جاری کردیں۔عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کے پیغامات موجودہیں، پی ٹی آئی عہدیداروں کو9مئی کیلئے ہدایات دی گئیں، یہ ایسا بیانیہ بنانا چاہتے تھے کہ مشتعل ہوکر فوجی تنصیبات پر حملہ کیا جائے ، یہ کہتے ہیں کہ ہم نے حملہ نہیں کیا،تو کیا جنوں نے یہ واقعات کیے ۔ سی سی ٹی وی ویڈیو کے ریکارڈ کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا اور نہ اسے مٹایا جاسکتا ہے ، 9 مئی کو قومی سلامتی کے تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی جس کے تمام شواہد ان ویڈیوز میں عوام کے سامنے آچکے ہیں، اب 9 مئی کے کیسز کا فوری طور پر فیصلہ ہونا چاہیے اور نہ صرف ان کیسز کا فیصلہ کیا جانا چاہیے بلکہ ان کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے ۔ زیر التوا تمام جوڈیشل کیسز کا جلد سے جلد فیصلہ کیا جانا چاہیے اور دشمنوں کے ایجنڈے کو فروغ دینے والے ان ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچا یا جائے ۔ بار بار اس بات کو دہرایا جاتا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لے کر آئیں، اب یہ سامنے لے آئیں ہیں، بیانات آچکے ہیں، یہ ملک دشمن ہیں اور پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ ان شواہد کی روشنی میں تحریک انتشار کے تمام لوگوں کو معافی مانگنی چاہیے ، انہیں ان کیسز کا سامنا کرنا چاہیے اور اب تمام ثبوت قوم کے سامنے آچکے ہیں۔