قلات: چوکی پر حملے میں 7 سکیورٹی اہلکار شہید، 6 دہشت گرد جہنم واصل

راولپنڈی: (دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر ہونے والے حملے میں 7 اہلکار شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 15 اور 16 کی درمیانی شب کو دہشت گردوں نے ضلع قلات کے علاقے شاہ مردان میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔

بیان میں کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا اور کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے بیان میں بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 بہادر سپوت مادر وطن پر قربان ہو گئے ہیں۔

بیان کے مطابق علاقے میں کسی بھی چھپے ہوئے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے اورپاکستان کی مسلح افواج قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں