سموگ اور دھند کا راج،پنجاب یونیورسٹی میں امتحانات ملتوی:لاہور دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر

سموگ اور دھند کا راج،پنجاب یونیورسٹی میں امتحانات ملتوی:لاہور دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر ،کامرس رپورٹر،اپنے سٹی رپورٹر سے ،)پنجاب بھر میں ہرجگہ سموگ اور دھند کا راج ہے ،ہیلتھ ایمرجنسی اور لاک ڈاؤن کے باوجود لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں گزشتہ روز دوسرے نمبر پررہا ،سموگ کی صورتحال کے باعث پنجاب یونیورسٹی کے شیڈولڈ امتحانات ملتوی کردئیے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے لیکن لاہور کی صورتحال ابھی بھی  سنگین ہے اور سنیچر کو فضائی آلودگی اور سموگ کی وجہ سے صوبہ پنجاب کا دارالحکومت دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پررہا ،دنیا کے آلودہ شہروں میں انڈیا کا دارالحکومت نئی دہلی پہلے نمبر پر ہے ۔ نئی دہلی کا ائیر کوالٹی انڈکس 332 تک پہنچ گیا ہے ۔ لاہور میں سموگ کی اوسط شرح 766 ریکارڈ کی گئی، ڈی ایچ اے کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1324 تک جا پہنچا، سید مراتب علی روڈ کے علاقے کا اے کیو آئی 1210 جبکہ غازی روڈ انٹرچینج کا ایئر کوالٹی انڈیکس 850 ریکارڈ کیا گیا۔ سموگ کی صورتحال اور صوبے میں چھٹی کی وجہ سے پنجاب یونیورسٹی نے تمام شیڈولڈ امتحانات ملتوی کردئیے ۔پنجاب یونیورسٹی نے تمام کلاسز کو آن لائن کرنے کی ہدایات کردیں جبکہ انتظامی شعبہ کے تمام افسروں اور ملازمین کو بھی ورک فرام ہوم اور یونیورسٹی امور سے متعلق تمام میٹنگز آن لائن کرنے کی ہدایت کردی گئی۔نوٹیفکیشن کے مطابق یونیورسٹی کے ہیلتھ سنٹر میں عملہ کام کرتا رہے گا، صفائی اور مالی وغیرہ کو ضرورت پڑنے پر یونیورسٹی بلایا جائے گا۔

سموگ اور دھند کے باعث ایم 2 ،ایم 3 اور ایم 4 سمیت ایم 11 کئی مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کردی گئیں،موٹرویز کے بعض مقامات پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہو گئی۔پنجاب حکومت نے سموگ کنٹرول کرنے کی جدید حکمت عملی تیار کرلی ۔لاک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ سموگ کو کنٹرول کرنے کی استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسسٹم کی نگرانی کو جدید کیا جائے گا۔دستاویزات کے مطابق سموگ کنٹرول منصوبوں کیلئے پانچ ارب اڑتیس کروڑ دس لاکھ کی منظوری دیدی ہے ۔فوگ کینن اور فیول سیل پوائنٹس کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ہائی اے کیو آئی علاقوں میں فوگ کینن کی انسٹالیشن کی جائیگی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان کہاہے کہ لاہور میں سموگ سے بچاؤ کیلئے آپریشن جاری ہے ، لاہور میں دھواں پھیلانے والی بڑی گاڑیوں، ٹرکوں کا داخلہ بند کردیاگیا اور مشترکہ آپریشن ٹیم نے 25 ٹرک بند کر دئیے ہیں ،370 گاڑیوں کو لاہور میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ۔لاہورمیں فضائی آلودگی سے انفلوئنزا اور وائرل انفیکشن سے شہری بری متاثر ہو رہے ہیں ،ہسپتالوں میں خشک کھانسی، سانس میں دشواری کے مریضوں میں اضافہ جاری ہے ،گزشتہ روز میں شہر کے 6 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں سموگ سے 20 ہزار سے زائد ر مریض رپورٹ ہوئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں