حکومت ہر قدم پر عام آدمی کے ساتھ کھڑی :بلاول بھٹو
کراچی/اسلام آباد(آئی این پی، سٹاف رپورٹر ) چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت ہر قدم پر عام آدمی کے ساتھ کھڑی ہے ، کراچی کے ضلع وسطی میں میٹروپولیٹن یونیورسٹی کا قیام خوش آئند ہے ۔
بلاول بھٹو سے خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی، میر مرتضیٰ وہاب اور سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بلاول ہائو س میں ملاقاتیں کیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا کی سیاسی صورت حال پر بریفنگ دی اور خیبرپختونخوا کے وسائل کے حوالے سے وفاق کے غیرمنصفانہ روئیے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کی امن و امان کی صورت حال کے حوالے سے بھی آگاہی دی۔ بلاول نے گورنر فیصل کنڈی کو خیبرپختونخوا کی وفاقی روئیے اور امن و امان کی صورت حال پر صوبائی آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین بلاول سے سندھ حکومت کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بھی بلاول ہائو س میں ملاقات کرکے سندھ حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کرنے سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ اطفال کے موقع پر اپنے پیغام میں بچوں کے تحفظ، انہیں بااختیار بنانے اور ان کی ہمہ جہتی ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ بچے ہمارے روشن مستقبل کی امید ہیں، ان کی فلاح و بہبود کو قومی ترجیحات میں اولین حیثیت دی جانی چاہیے ۔