پی ٹی آئی مذاکرات کیلئے پُر خلوص نہیں ـ:خواجہ آصف
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر )فیض حمید کے چارج شیٹ ہونے پرپی ٹی آئی کے رویے میں تبدیلی آئی ہے لیکن خلوص میں نہیں،مذاکرات کی کامیابی کیلئے پُر خلوص ہونا ضروری ہے ،میرے خیال میں خلوص نام کی کوئی چیز بانی پی ٹی آئی سے لیکر کسی میں نہیں ۔
سیالکوٹ میں ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ابھی تک پی ٹی آئی سے مذاکرات کی کوئی آفر ہی نہیں آئی، وہ لوگ سپیکر اسمبلی کے پاس بیٹھ کر چائے بسکٹ کھاکر چلے جاتے ہیں۔ مذاکرات والی صورتحال ہی نہیں بنی کہ ہم ریسپانڈ کریں، فی الحال تو وہ آپس میں لڑ رہے ہیں، کوئی کہتا ہے کہ ہماری دو شرائط منظور کی جائیں،کوئی کہتا ہے غیر مشروط مذاکرات ہونے چاہئیں، کوئی کمیٹی کمیٹی کھیل رہا ہے ، اب کمیٹی بھی بنا دی ہے ۔ عمران خان کے چیلے کچھ اور کہتے ہیں ، بشریٰ بی بی کچھ اور جبکہ بانی کی بہنیں کچھ اورکہتی ہیں۔ خواجہ آصف نے ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے کہا پی ٹی آئی کااچانک مذاکرات کرنا شکوک و شہبات کو جنم دیتا ہے ،عمران خان کی حالیہ گفتگو تمام قیادت پر عدم اعتماد کا اظہار ہے ، یوٹرن لینا ان کا وتیرہ ہے ۔ماضی میں مذاکرات کی پیشکش پر تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا گیا، بحیثیت ورکر مذاکرات کا حامی ہوں، مذاکرات کافورم پارلیمنٹ موجود ہے ، پی ٹی آئی اسے استعمال کرے ، وفاقی وزیر نے فیض حمید کیساتھ احتساب مطالبے کے سوال پر کہا عمران خان اس وقت بچنے کیلئے کسی تنکے کو بھی پکڑنے کو تیار ہیں، اسلئے ان کا ایسا مطالبہ سامنے آیا، جب ٹرائل مزید آگے بڑھے گا تو ہوسکتا ہے اس میں مزید نام بھی سامنے آئیں۔