شمالی وزیرستان:سکیورٹی فورسز کا آپریشن،6دہشتگرد ہلاک،میجر اور سپاہی شہید
اسلام آباد،راولپنڈی(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں )شمالی وزیرستان آپریشن میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6دہشتگرد ہلاک ،پاک فوج کے میجر اور سپاہی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میر علی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پرفورسز نے موثر انداز میں کارروائی کی جس میں 6دہشتگرد مارے گئے ۔ فائرنگ کے تبادلے میں میجر حمزہ اسرار(عمر29سال،ساکن راولپنڈی)، سپاہی نعیم (عمر 26سال ،ساکن نصیر آباد)شہید ہوگئے ۔ علاقے میں کسی بھی باقی دہشتگرد کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے عفریت کو مکمل ختم کرنے کے عزم پر کاربند ہیں،بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔ شہیدمیجر حمزہ اسرار شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی ۔ نماز جنازہ میں وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع، وزیر اطلاعات ،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر ،سینئر حاضر سروس ،ریٹائرفوجی افسروں اور شہید کے لواحقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نماز جنازہ کے بعد شہید کے جسد خاکی کو آبائی گائوں پہنچا دیا گیا جہاں فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
صدر آصف زرداری نے شمالی وزیرستان آپریشن میں 6 خوارج کی ہلاکت پر کہا ہے کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ صدر نے شہیدمیجر حمزہ اسرار اور سپاہی نعیم کو خراجِ عقیدت پیش اور شہداکے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا اور ان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے میر علی میں 6 خارجیوں کی ہلاکت پر فورسز کی پذیرائی کرتے ہوئے کارروائی میں میجر حمزہ اسرار اور سپاہی نعیم کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہارکیا ،شہدا کی بلندی درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر کی دعا کی اورکہا قوم کے بیٹوں کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دینگے ، پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فورسزکیساتھ کھڑی ہے ۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں سے مقابلے کے شہدامیجر حمزہ اسرار اور سپاہی نعیم کو خراج عقیدت پیش اور اہلخانہ سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا انہوں نے وطن میں امن کی خاطر جانیں قربان کیں، قوم کوانکی بہادری پر فخر ہے ، حکومت اور فورسز دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملادینگے ۔