ٹرمپ ناقابل اعتبار، فلسطینیوں کے قتل عام کا ذمہ دار :حافظ نعیم

ٹرمپ ناقابل اعتبار، فلسطینیوں کے قتل عام کا ذمہ دار :حافظ نعیم

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر اور اسرائیل غزہ میں بدترین جارحیت اور دہشتگردی کر رہا ہے ، امریکی صدرٹرمپ پر ہرگز اعتماد نہیں کیا جا سکتا، وہ بھارت کا حامی اور غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام کا ذمہ دار ہے۔

پاک فوج اور ائیر فورس نے جس طرح بھارت کیخلاف مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کیا اسی طرح اسرائیل کیخلاف بھی عملی اقدامات کیے جائیں، 31مئی کو اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیلئے کراچی  میں ڈاکٹرز مارچ ہوگا، یکم جون کو حیدر آباد میں تاریخیبھارت و اسرائیل مردہ بادجلسہ عامکیا جائے گا۔ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے امیر جماعت نے کہا مسلم حکمران غیرت وحمیت کا مظاہرہ کریں اور فلسطین کی مدد کریں، اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے ۔ پیپلز پارٹی آرمی چیف کی تصاویر لگانے سے مقبول نہیں ہو سکتی، کراچی کو اسکا حق دے ، پانی بحران و دیگر مسائل حل کرے ، منتخب بلدیاتی نمائندوں کو سپریم کورٹ کے حکم اور آرٹیکل 140-Aکے تحت اختیارات و وسائل فراہم کرے ، کے الیکٹرک، نیپرا اور حکومتی گٹھ جوڑ سے کراچی کے عوام کی خون پسینے کی کمائی لوٹی جارہی ہے۔

کے الیکٹرک کو رائٹ آف کلیم کے نام پر 76ارب وصولی کی اجازت دی گئی تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کرینگے ، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ اور فرانزک آڈٹ کرایا جائے ، کراچی کو کے الیکٹرک کی مہنگی بجلی کی بجائے نیشنل گرڈ سے سستی اور بلا تعطل بجلی دی جائے ۔ کراچی کا ہر شہری پانی و بجلی نہ ملنے کی شکایات کررہاہے ۔ پورے شہر میں ٹینکر مافیا سرگرم ہے ۔انہوں نے کہا حکومت بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کی بجائے وڈیروں و جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے ، چھوٹے کاشتکاروں کو ٹیکس فری کیا جائے ۔ 1 لاکھ 20 ہزار سالانہ تنخواہ دار کو ٹیکس فری اور باقی پر سے بھی ٹیکس کو ریوائز کرنا چاہیے ۔ بجلی نرخ کم اور پٹرولیم کی لیوی بھی مزید کم ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہاوزیرستان دھرنے کے مطالبات جائز ہیں انہیں منظور اور عوام کو اعتماد میں لیا جائے ، بھارت چھپ کر وار کرنے کا عادی ہے وہ ہمیں اندرونی طور پر کمزور اور تقسیم کرنے کی سازش کر رہا ہے ، ہمیں جنگ کی تیاری جاری رکھنی چاہئے ۔خضدار میں بچوں کو بھارت نے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے نشانہ بنایا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں