وزیراعظم اسرائیلی دہشتگردی رکوانے کیلئے اسلامی ممالک کا اجلاس بلائیں : حافظ نعیم
حیدرآباد، لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی رکوانے کے لیے اسلامی و دوست ممالک کے سربراہان کا اجلاس بلائیں۔
بھارت سے فتح کا بہت جشن منا لیا اب غزہ اور کشمیر کے مظلومین کی داد رسی کے لیے قائدانہ کردار ادا کریں اورجنگ لڑنی پڑے تو یہ قدم بھی اٹھا لیں، امت کی وابستہ امیدوں کو پورا کرے۔ فارم 47 کی حکومت مت بھولے کہ قوم نے تحفظات کے باوجود بھارت سے جنگ کے موقع پر یکجان ہو کر اس کا ساتھ دیا، غزہ پر خاموشی جاری رہی تو یہ ساتھ قائم نہیں رہے گا۔ حیدرآباد میں ہزارہا شرکا کے غزہ مارچ سے خطاب کرتے انکا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومتی و اپوزیشن جماعتیں امریکی خوشنودی کے لیے مرے جارہی ہیں، انہیں اپنے طرز عمل پر غور کرنا ہوگا، قوم بھی انہیں پہچان لے ۔ انہوں نے نواز شریف کو یاد دلایا کہ انکی بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھانے کے بیانات قوم کو یاد ہیں۔ پاک بھارت سرحد نواز شریف کے لیے محض لکیر ہوگی، پاکستانیوں کے لیے یہ خونیں لکیر ہے ۔ حافظ نعیم نے سابق وزیراعظم کو مخاطب کرکے کہا کہ وہ اپنے وزراکے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کیخلاف بیانات بند کرائیں۔ادھرلیاقت بلوچ نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی۔ اِس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال، کشمیر و فلسطین اور بلوچستان کے بگڑتے حالات پر تبادلہ خیال ہوا۔