بھارت عدم استحکام کا ذمہ دار، فتنہ الخوارج اس کے زرخرید غلام : فوجی ترجمان

بھارت عدم استحکام کا ذمہ دار، فتنہ الخوارج اس کے زرخرید غلام : فوجی ترجمان

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک )ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے اور کبھی الگ نہیں ہو سکتا جبکہ صوبے میں دہشت گردی کے پیچھے کوئی نظریہ ہے اور نہ ہی کوئی تصور، بلکہ یہ صرف بھارت کی سپانسر شدہ ہے ، پورے خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار صرف ہندوستان ہے۔

آئی ایس پی آر کے زیراہتمام ہلال ٹالکس 2025 پروگرام کے دوران اساتذہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کرنیوالوں کو فتنہ الہندوستان کا نام دیا ہے کیوں یہ ان کو پیسے دیتے ہیں،دراصل یہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کے دشمن ہیں، انہیں پتا ہے کہ یہاں پر ترقی ہوگئی تو بچوں کے پاس علم، نوکری، روزگار، پیسے اور شعور آجائے گا تو بھارت کی موت ہوجائے گی۔ آپ کو کچھ حقیقت معلوم ہونی چاہئے کہ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے )کے لیڈرز کہاں ہیں؟ وہ بھارت میں ہیں، یہ ہندوستان کے زرخرید غلام ہیں، یہ ان سے پیسے اور ڈالرز لیتے ہیں۔انہوں نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان ڈاکٹر صاحبہ سے پوچھیں کہ آپ ایک طرف روتی ہیں کہ میں تو سکالرشپ پر پڑھی ہوں لیکن تمہیں ناروے کے ٹکٹ اور پیسے کون دے رہا ہے اور جلسوں کا خرچہ کون اٹھا رہا ہے اور یہ جو یہود و ہنود تمہاری اتنی حمایت کیوں کرتے ہیں؟۔جعفر ایکسپریس پر حملہ ہوتا ہے ، ان دہشت گردوں کی لاشوں سے تمہارا کیا تعلق ہے ؟ ،وہ تو دہشتگرد ہیں، انہوں نے عورتوں اور بچوں کو مارا ہے اور اپنے ہی جلسوں میں اپنے ہی لوگوں کو مرواکر ان کی لاشیں لے کر پھرتی ہو اور ان پر سیاست کرتی ہو تو تم کیا ہو، تم خود بھی دہشت گردوں کی ایک پراکسی ہو۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ سب فتنہ الہندوستان ہیں اور آپ سب یعنی بلوچستان کے عوام کو یہ معلوم ہونا چا ہئے کہ بھارت کی نہ پاکستان سے کوئی ہمدردی ہے اور نہ بلوچستان سے کوئی ہمدردی ہے ، وہ پاکستان کا ازلی دشمن ہے ، ان کا انسانیت یا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں ہے ، یہ واجب القتل ہیں، آپ نے فیصلہ کرنا ہے کہ ہم نے دہشتگردوں کا آلہ کار نہیں بننا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر نے تو پاکستان بننا ہے ، اس میں کوئی شک نہیں، ہمارا تو یقین ہے کہ کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ جانا ہے کیوں کہ ہمارا جو تعلق ہے وہ خون، تہذیب اور مذہب کا تعلق ہے ۔پاکستان کے عوام اور افواج کے درمیان کوئی فاصلہ نہیں، یہ عوام کی فوج ہے ، فوج عوام سے اور عوام فوج سے ہے ، عوام اور فوج کے درمیان کوئی نہیں آسکتا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں