صدر پزشکیان کا دورہ پاکستان، تعلقات کے نئے باب کا آغاز : ایرانی سفیر
اسلام آباد(آئی این پی)ایرانی سفیر نے کہا صدر مسعود پزشکیان کا دورہ پاکستان دو طرفہ تعلقات کے نئے باب کی شروعات ہے جس میں دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
رضا امیری مقدم نے پاکستانی حکومت، عوام اور قیادت کا ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران شاندار میزبانی پر تہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ ایکس پر جاری اپنے بیان میں ایرانی سفیر نے وزیرِاعظم شہباز شریف کا بطورِ خاص شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ان کا کردار اس اہم دورے کو یادگار اور تاریخی بنانے میں غیر معمولی رہا۔ انہوں نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایوانِ صدر میں ایرانی وفد کی میزبانی کی۔ رضا امیری مقدم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی موجودگی اور تعاون کو بھی سراہا، انہوں نے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے علاوہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اور وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا لاہور میں ایرانی وفد کی شاندار میزبانی پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ آخر میں انہوں نے ایران پاکستان دوستی زندہ باد، پائندہ باد کا نعرہ بھی لکھا۔