یوم استحصال کشمیر،ملک بھر میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی،ریلیاں اور مظاہرے،اسمبلیوں میں قرارداد یں منظور

یوم استحصال کشمیر،ملک بھر میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی،ریلیاں اور مظاہرے،اسمبلیوں میں قرارداد یں منظور

لاہور،اسلام آباد،مظفر آباد، سرینگر(سیاسی نمائندہ،سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار،دنیا نیوز)بھارت کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے 6 سال مکمل ہونے پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں یوم استحصال کشمیر بھرپور انداز سے منایا گیا ،ریلیوں، سیمینارز، تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

 مظاہرے کئے گئے ،جبکہ قومی اسمبلی کے ساتھ پنجاب ،سندھ ، آزادکشمیر کی اسمبلیوں میں بھی مذمتی قراردایں منظور کی گئیں،جبکہ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے اس موقع پر یوم سیاہ منایا ،مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال سے کاروبارزندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ،بھارتی فورسز نے مزید 5نوجوان شہید کردئیے ۔ خیال رہے بھارت نے 5 اگست 2019 کو اپنے ہی آئین میں ترمیم کر کے آرٹیکل 370 کو ختم کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی تھی۔قومی اسمبلی میں بھارتی یکطرفہ اقدام کی مذمت میں دو قرادادیں متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں،پہلی قرارداد وفاقی وزیر برائے امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے پیش کی جبکہ دوسری قرارداد پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے پارٹی ارکین کے دستخطوں کے ساتھ انگریزی زبان میں پیش کی، قراردادوں میں کشمیر کے ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ بھارت اپنے 5 اگست کے غیر قانونی اقدامات واپس لے ۔ کشمیریوں پر بھارتی مظالم جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے ،بھارتی افواج کے کشمیریوں پر جاری مظالم کی مذمت کرتے ہیں اور پاکستان کشمیر کی غیر متزلزل اخلاقی و سفارتی امداد جاری رکھے گا۔

پنجاب اسمبلی میں یوم استحصال پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کی طرف سے قرارداد جمع کرائی گئی، وزیرپارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن کی طرف سے قرارداد پیش کئے جانے پر اسے متفقہ طورپر منظور کرلیا گیا، قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ کشمیری بہن بھائیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سرفہرست ایجنڈا ہے ،بھارت نے طاقت کے زور پر کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کی، بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام رہا، مسئلہ کشمیر کو اقوام عالم کا سب سے پرانا اور حل طلب مسئلہ سمجھتے ہیں،مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں،کشمیری عوام کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں،ایوان کشمیری عوام کی بہادر ی و جرات کو سلام پیش کرتا ہے جو بھارت کے خلاف مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت کشمیر میں قیدیوں کو رہا کرے ظلم و ستم بند کرے اور صحافیوں کو کشمیر میں رسائی کی اجازت دی جائے ۔سندھ اسمبلی میں صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور ضیا الحسن لنجار نے قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور بھارت کی غاصب حکومت نے آج کے دن مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی جو کوشش کی تھی اس کا یہ اقدام سراسر غیرقانونی اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی تھا مودی حکومت نے اپنے شہریوں اور کشمیریوں سے غداری کی ہے ۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں وزیراطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ کی جانب سے قرار داد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ ادھر اسلام آباد میں وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام کی قیادت میں پارلیمنٹ ہاؤس سے ڈی چوک تک ریلی نکالی گئی، جہاں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا بھارت کی کشمیر کو اپنی ریاست بنانیکی کوشش قبول نہیں ،پاکستان، کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے اصولی موقف پر پوری طرح کاربند ہے ۔

جب تک کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق نہیں ملتا، پاکستان ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ زیادہ دیر نہیں رہ سکتا۔خیبرپختونخوا میں بھی یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منایا گیا،وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا بھارتی حکومت کا غیر قانونی اقدام عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ،عالمی برادری سے پرزور مطالبہ ہے کہ وہ بھارت کی طرف سے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کا سنجیدگی سے نوٹس لیں ۔کراچی میں صوبائی وزیر توانائی ترقیات و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ، وزیر بلدیات سعید غنی اور وزیر ثقافت و سیاحت سید ذالفقار علی شاہ کی قیادت میں پیپلز چورنگی تا مزار قائد ریلی نکالی گئی۔مقررین نے کہا بہت جلد ہم کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلوا کر ہی دم لیں گے ۔ریلی میں طلبا و طالبات کی بڑی تعداد شریک تھی۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پربھی مظاہرے ،ریلیاں منعقد کی گئیں، اسلام آباد میں مظاہرے کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کی، جی نائن کراچی کمپنی میں مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان ڈاکٹر مشتاق خان نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے کہا بھارت کی طرف سے آرٹیکل 370 اور 35ـA کی غیرآئینی تنسیخ جنیوا کنونشن 4 کے آرٹیکل 49 کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔سید مودودیؒ اسلامک سنٹر لاہور میں سیمینار منعقد کیا گیا،گوجرانوالہ، فیصل آباد، گجرات، پشاور، صوابی ودیگر شہروں میں بھی مظاہرے ، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کئے گئے ۔

مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے ، جلوس ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہر ے کئے گئے ،ادھر مقبوضہ وادی میں بھی یوم سیاہ منایا گیا جبکہ حریت کانفرنس کی اپیل پر مکمل ہڑتال رہی ،کاروباری مراکز،تعلیمی ادارے بندرہے ،سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی جس سے کاروبارزندگی مفلوج ہوکررہ گیا اس موقع پر ریاستی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کئے گئے تھے اور فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی اس کے باوجود مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہر ے کئے گئے ۔شرکا نے بھارتی حکومت کے یکطرفہ اقدامات کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے اور عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرائی ۔مقبوضہ کشمیر کے ضلع کولگام میں بھارتی فورسز کے محاصرے اور سرچ آپریشن میں 5 کشمیری شہید ہوگئے ۔کولگام میں قابض بھارتی فوج کا 5 روز سے محاصرے اور سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے ۔مقامی نوجوانوں سے جھڑپ میں 4 بھارتی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔ بیرون ممالک میں مقیم کشمیریوں نے بھی اس دن کی مناسبت سے احتجاجی مظاہروں اور دیگر تقریبات و سیمینارز کا اہتمام کیا اور دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کراتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداوں کی روشنی میں کشمیری عوام کوحق خوارادیت دینے کا مطالبہ کیا گیا ۔لندن میں کشمیریوں اور پاکستانیوں نے ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ سے بھارتی ہائی کمیشن تک مارچ کیا، مظاہرین نے مودی حکومت کی کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر شدید مذمت کی، اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں امن فوج بھیجنے کا مطالبہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں