فساد پھیلانے والے کیا جانیں خدمت کا مزا : آئی جی انتظار کرتے رہے، احتجاج کیلئے کوئی نہ آیا : مریم نواز
لاہور(دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاہے کہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت مخلص ہے ،پاکستان سفارتی اور معاشی محاذ پر ابھرتے ہوئے سورج کی طرح طلوع ہورہا ہے، فساد پھیلانے والے کیا جانیں خدمت کا مزا کیا ہوتا ہے، پنجاب کا مقدر سازش نہیں خدمت کے ہاتھ میں ہے، بے ہنگم شوراور گالم گلوچ والی سیاست کارکردگی کے بوجھ کے نیچے دفن ہوگی، آئی جی انتظار کرتے رہے، احتجاج کے لئے کوئی نہیں آیا، لگتا ہے عقل آگئی۔
وزیراعلیٰ نے کہا گزشتہ روز عوام کی انتظار کی گھڑیاں ختم، اب لاہور میں جدید ترین سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ چلے گی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گزشتہ روز لاہور میں پاکستان کی پہلی اربن الیکٹرک ٹرامسپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹمیں تجرباتی سفرکرکے باقاعدہ آغاز کیا۔انہوں نے اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کیلئے 50ہزار سے زائد لون مکمل ہونے پر ہونیوالی تقریب کے دوران پنجاب میں اپنی زمین، اپنا گھر پروگرام لانچ کرنے کااعلان کرتے ہوئے مفت پلاٹ دینے کا اعلان بھی کیا۔تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے ایس آر ٹی ٹرام میں علی ٹاؤن سے مسلم ٹاؤن تک روڈ ٹیسٹ کی مانیٹرنگ کی اورعام ٹریفک کے درمیان ایس آر ٹی کی رننگ چیک کی۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے بریفنگ میں بتایا کہ سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ میں تین بوگیاں لگائی گئی ہیں جبکہ چار کی گنجائش ہے اوراس میں 320 مسافروں کی گنجائش ہے ،یہ ایک دفعہ چارج کے بعد 40 کلومیٹر سفر طے کر سکتی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہناتھاکہ پنجاب کی عوام کے لئے اب ہر روز خوشی کی خبر منتظر ہوتی ہے ، جلد ہی گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے عوام کو بھی ایس آر ٹی کی خوشخبری ملے گی۔ قبل ازیں انہوں نے اپنی چھت اپناگھر سکیم کی تقریب میں خطاب کے دوران کہاکہ 6 ماہ میں اپنی چھت،اپنا گھر پراجیکٹ کا وعدہ پورا کردیا۔ انہوں نے تقریب میں گھر بنانے والے خاندانوں سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ نے اپنی زمین، اپنا گھر سکیم کے تحت مفت پلاٹ دینے کا اعلان بھی کیا اورکہا کہ پہلے فیز میں 2ہزار پلاٹ دیئے جائیں گے۔ مریم نوازکا کہنا تھا کہ ہر وعدہ پورا کریں گے اورقدم قدم پر خدمت کے نشان چھوڑ کر جائیں گے ۔ نواز شریف مجھے ہر روز تلقین کرتے ہیں کہ مخلوق کی خدمت کے لئے نیت کو خالص کریں، ہر شہر میں بد ترین علاقوں میں مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ، 24ہزار دیہات کو ماڈل بنانا میرا عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجا ب میں ہر شہر کے لئے 1100ای بسیں آرہی ہیں،جہاں مرضی جائیں الیکٹرک بس کا کرایہ صرف 20روپے ہی ہوگا۔
ایئر کنڈیشن بس صرف لاہور کیلئے نہیں بلکہ پنجاب کے ہر شہر کیلئے ہوگی ، پنجاب کا ہر ڈسٹرکٹ میرے لئے توجہ کا مرکز ہے ،کرائم کنٹرول کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔اپنی چھت، اپناگھر میرے دل کے بہت قریب ہے ،انہوں نے کہا کہ اب کوئی کرایہ نہ دینے پر گھر سے نہیں نکالا جاسکے گا، ایک سال میں ایک لاکھ اور پانچ سال میں پانچ لاکھ گھر بنانے کا ہدف پورا کریں گے، ہم نے بغیر دعویٰ کئے ہزاروں گھر بنا دئیے، ریاست کو ماں کا کردار ادا کرنا چاہئے، میرے لئے گورننس کا ماڈل یہ ہے کہ لوگوں کے گھروں پر دستک دیکر سروسز مہیا کی جائیں۔میں نے آئی جی صاحب کو کہا ہے کہ لوگوں کی داد رسی کے لئے موبائل پولیس سٹیشن لانچ کریں۔ مریم نوازنے پاکستانی طلبہ کو انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اورکہاکہ محمد طیب،عمار اسد،رواح جاوید اور تطہیر آئمہ نقوی نے ثابت کر دیا کہ پاکستانی نوجوان عالمی افق پر نئی تاریخ رقم کر سکتے ہیں۔