کراچی:فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی،5منزلہ عمارت زمیں بوس،8افراد زخمی
کراچی (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی کے علاقے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی میں واقع ماشا اللہ گارمنٹس فیکٹری میں تیسرے درجے کی خوفناک آگ کے باعث 5 منزلہ عمارت منہدم ہوگئی، آگ سے جھلس کر 8 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ریسکیو اداروں نے 6 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔
خوفناک آگ نے قریب واقع 2 فیکٹریوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ آگ پھیلنے کے خدشے پر برابر والی عمارت خالی کرالی گئی۔ آگ لگنے کے ساڑھے 4 گھنٹے بعد متاثرہ عمارت کی پانچوں منزلیں زور دار دھماکے کے ساتھ زمیں بوس ہوگئیں،متاثرہ فیکٹری میں پرانے کپڑے کی ری سائیکلنگ کا کام ہوتا تھا۔ آگ جمعرات کی صبح ساڑھے 10 بجے آگ لگی، اس وقت فیکٹری میں 150 سے زائد مرد و خواتین ملازمین موجود تھے ۔خواتین ورکرز سمیت کئی ملازمین ہنگامی اخراج کے راستے اور عمارت سے متصل کھمبے کے ذریعے عمارت سے باہر نکلے ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق فائر فائٹرز کو دھویں کے باعث آگ پر قابو پانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔فیکٹری میں گیس سلنڈرز کاسٹور بھی موجود تھا جس کے باعث کسی بڑے دھماکے یا جانی نقصان کا خدشہ تھا۔ فیکٹری کی بیسمنٹ میں موجود بڑی تعداد میں رکھے پرانے کپڑوں کے پنڈل اور کیمیکل کے باعث آگ تیزی سے پھیلی اور اس نے کچھ ہی دیر میں فیکٹری کی پانچوں منزلوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ کپڑا اور کیمیکل جلنے سے سیاہ دھواں بڑی تیزی سے پھیلنے لگا جس کے باعث فائر فائٹنگ میں شدید دشواری کا سامان رہا۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے متاثرہ عمارت کے اطراف قائم فیکٹریوں میں رکھے کیمیکل ڈرمز کو باہر نکال لیا گیا۔ آگ لگنے کے باعث مذکورہ عمارت کمزور ہوگئی اور اس کا کچھ حصہ برابر میں قائم دوسری فیکٹری پر جاگرا، جس کی زد میں آکر فیکٹری میں کام کرنے والے 8 ملازمین زخمی ہوگئے ۔ عمارت سے وقفے وقفے سے دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر 20 فائر ٹینڈرز، 2 سنارکلز اور واٹر باؤزرز آگ بجھانے کے عمل میں شامل تھے ، جبکہ اس موقع پر متعدد ایمبولینسیں بھی موجود تھیں،شام 4 بجے تک آگ پر قابو پا لیا گیا ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔