بلوچستان:سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن،33خارجی دہشتگرد ہلاک

بلوچستان:سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن،33خارجی دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی ،اسلام آباد، بنوں، میانوالی (خصوصی نیوز رپورٹر،نامہ نگار،دنیا نیوز)سکیورٹی فورسز نے بڑا آپریشن کرتے ہوئے بلوچستان میں افغان سرحد سے دراندازی کرنے والے بھارتی حمایت یافتہ 33 خارجی دہشتگرد ہلاک کر دئیے جبکہ بنوں میں ایف سی چیک پوسٹ پر ڈرون حملے میں 1 اہلکار شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اور 8 اگست کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے عمومی علاقے سمبازہ میں افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، دراندازی کرنے والے بھارتی پراکسی گروپ \"فتنہ الخوارج\" کے ایک بڑے گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا، سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی اس کوشش کو ناکام بنایا، جرأت مندانہ، مہارت بھری اور عین ہدف پر کی گئی کارروائی کے نتیجے میں 33 بھارتی حمایت یافتہ خوارج  ہلاک ہوئے جن سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔ پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے ، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں نے اپنی جان پر کھیل کر دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنائی اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔دریں اثنا بنوں کے علاقے تختی خیل میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر کواڈ کاپٹر ڈرون حملہ کیا گیا جس میں ایک ایف سی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو ئے ، جس کے بعد فرنٹیئر کور اور پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا، بنوں کے علاقے ہوید میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے باعث تاحکم ثانی کرفیو نافذ کر دیا گیا، بعد میں بتایا گیا کہ ہوید میں خوارج کے خلاف پاک فوج اور پولیس نے مشترکہ سرچ اینڈ ٹارگٹڈ آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا ہے ، یہ آپریشن خفیہ معلومات اور انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر کیا گیا۔

جس کا مقصد علاقے کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنا اور امن و امان کو یقینی بنانا تھا، پاک فوج اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا ،ترجمان بنوں پولیس کے مطابق کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 7 سہولت کار گرفتار کر لیے ، جبکہ دہشتگردوں کے 3 ٹھکانے کامیابی سے تباہ کر دئیے گئے ہیں۔ اہل علاقہ نے سکیورٹی فورسز کے آپریشن کو علاقے میں عوامی تحفظ کے لیے اہم قرار دیا اور اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا، آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اور پولیس علاقے میں دیرپا امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔علاوہ ازیں لوئر دیر کے علاقے سرلڑہ میں پولیس اور سکاؤٹس کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی جانب سے مسلح حملہ کیا گیا، تاہم ڈیوٹی پر موجود پولیس اور سکاؤٹس اہلکاروں نے جرات مندی اور پیشہ ورانہ مہارت سے بروقت جواب دیتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا، واقعہ کے دوران سکاؤٹس کا ایک اہلکار زخمی ہوا، پولیس اہلکار محفوظ رہے ۔

مزید برآں پنجاب میں میانوالی بڑی تباہی سے بچ گیا، تھانہ کندیاں کے علاقے کچہ گجرات، میلے والی میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی میانوالی اور سی ٹی ڈی سرگودھا کے دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے ، چھ دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے ۔ بتایا گیا کہ دونوں دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں کا نشانہ بنے ، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشیں تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دی گئیں، سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے فرار دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی ہے ۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے خودکار رائفلیں، دستی بم، گولیاں اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے ۔ پولیس نے کندیاں، چشمہ، کچہ گجرات، میلے والی اور گرد و نواح کے علاقوں میں ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں