فوجی آپریشنز حل نہیں، لوگوں کو احساسِ تحفظ دیں : حافظ نعیم

فوجی آپریشنز حل نہیں، لوگوں کو احساسِ تحفظ دیں : حافظ نعیم

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک پر سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور اسٹیبلشمنٹ کا تسلط ہے، حکمران تعصبات پیدا کرکے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچا رہے ہیں، فوجی آپریشنز سے آج تک کوئی مسئلہ حل ہوا اور نہ آئندہ ہوگا۔۔۔

 لوگوں  کو احساسِ تحفظ دیا جائے تو معاملات خود بخود بہتر ہو سکتے ہیں، جماعت اسلامی ملک میں قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور عوام کی محرومیاں دور کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے، نومبر میں لاہور میں ہونے والا جماعت اسلامی کا اجتماع عام قومی تاریخ کا دھارا موڑ دے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں حلقہ لاہورکی تربیتی نشست کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ، سیکرٹری اظہر بلال اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ قربانیاں ہم دیں اور اقتدار کوئی اور لے اڑے ، اب ایسا نہیں ہوگا، جماعت اسلامی کسی کو کندھا فراہم نہیں کرے گی، عوام اپنے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کو امید کی کرن سمجھتے ہیں، آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی ملک و قوم کو چوروں اور لٹیروں سے نجات دلائے گی ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ جب تک سودی نظام مسلط ہے ملک ترقی نہیں کر سکتا، جماعت اسلامی معیشت کو سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور آئی ایم ایف کے تنخواہ داروں کی گرفت سے آزاد کرائے گی ،ہم مستقبل سے پریشان کروڑوں نوجوانوں کا سہارا بنیں گے ۔انہوں نے کہا کہ غزہ کے بچے بھوک، پیاس اور اسرائیلی بمباری سے روزانہ شہید ہو رہے ہیں، ہم ان بچوں کو موت کے منہ میں جاتے نہیں دیکھ سکتے ، بے حس حکمران ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں