سٹیٹ بینک اور آئی ایف سی کے درمیان اہم معاہدہ

سٹیٹ بینک اور آئی ایف سی کے درمیان اہم معاہدہ

نجی شعبے کی ترقی میں مالی رکاوٹیں کم، مقامی کرنسی میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا صنعتی سرگرمیوں، کاروباری فنانسنگ اور روزگار کے مواقع بہتر ہونگے ،جمیل احمد

کراچی (بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے درمیان اہم معاہدہ طے پا گیا ہے جس کا مقصد پاکستانی روپے میں قرضوں کے اجرا میں اضافہ اور نجی شعبے کی مالی معاونت کو فروغ دینا ہے ،یہ شراکت داری ملکی معیشت کے استحکام اور  روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی سمت میں ایک اہم پیشرفت قرار دی جا رہی ہے ۔ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق اس معاہدے سے نجی شعبے کی ترقی میں درپیش مالی رکاوٹوں کو کم کرنے اور مقامی کرنسی میں سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ معاہدے کے تحت کرنسی کے خطرات کے مؤثر انتظام کے لیے آئی ایف سی تکنیکی معاونت فراہم کرے گی تاکہ عالمی مالیاتی اتار چڑھاؤ کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ آئی ایف سی کے ساتھ یہ شراکت داری پاکستان کے نجی شعبے کیلئے قرضوں کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ اس اقدام سے صنعتی سرگرمیوں میں وسعت، کاروباری فنانسنگ میں اضافہ، اور روزگار کے امکانات میں بہتری آئے گی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ معاہدہ معیشت کے کلیدی شعبوں میں سرمایہ تک رسائی بہتر بنائے گا اور طویل المدتی مالیاتی استحکام کی راہ ہموار کرے گا۔ ترجمان نے کہا کہ مقامی کرنسی میں قرضوں کی فراہمی سے بین الاقوامی مالیاتی دباؤ کم اور ملکی سرمایہ مارکیٹ میں اعتماد بحال ہوگا۔اس موقع پرآئی ایف سی کے نائب صدر جان گینڈولفو نے کہا کہ کرنسیوں میں اتار چڑھاؤ ترقی پذیر معیشتوں کیلئے نمایاں خطرات میں سے ایک ہے ،مقامی کرنسی میں قرضوں کا اجرا ترقی پذیر ممالک کے مالیاتی نظام کو مضبوط بنانے کی ایک کلیدی حکمتِ عملی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک گروپ قرضوں کے فروغ اور مالی رسائی میں توسیع کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ یہ تعاون ملکی معاشی نمو کو نئی تحریک فراہم کرے گا۔ اسٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق آئی ایف سی کے ساتھ یہ شراکت پاکستان کی معاشی مضبوطی کو بڑھانے اور نجی شعبے کے فروغ کے لیے ایک مستحکم پلیٹ فارم فراہم کرے گی جس کے مثبت اثرات آئندہ برسوں میں ملکی معیشت پر نمایاں طور پر ظاہر ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں