نئے صوبے ہی 78 سال کے مسائل کا حل : عبدالعلیم
ہرصوبے کو 4حصوں میں تقسیم کیاجائے ،سیاسی جماعتوں سے رابطے کریں گے آزادی پاک فوج کی مرہون منت، شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں:خطاب
لاہور(دنیانیوز)وفاقی وزیرمواصلات اور صدراستحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ نئے صوبوں کا قیام ہماری پارٹی کے منشور کا حصہ ہے ، لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے نئے صوبوں کی تشکیل پر کیسے اعتراض ہو سکتا ہے ؟۔لاہور میں کرسمس کے حوالے سے تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا قابل عمل تجویز یہ ہے کہ نام نہ بدلے جائیں، جنوبی، مغربی، شمالی اور وسطی کے نام سے ہر صوبے کو4حصوں میں تقسیم کر کے نئے صوبے بنائے جائیں۔ یہ افسوسناک امر ہے کہ78سال گزرنے کے باوجود بھی مسائل حل طلب ہیں، ہمیں اپنے اقتدار کی بجائے عوام کے مسائل کے حل کی فکر کرنی چاہئے اور نئے صوبے ہی مسائل کا حل ہیں۔
انہوں نے نئے صوبوں کے معاملے پر ساتھ دینے پر ایم کیو ایم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطہ کریں گے ۔ عبدالعلیم خان نے کہاکہ آج ہم سب کی آزادی اور قومی بقاء پاک فوج کی مرہون منت ہے ، ہر شہید کا لہو ہم سب پر قرض ہے اور ہم وطن عزیز کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور اُن کے خاندانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اپنا اکلوتا بیٹا اور سہاگ قربان کرنے والوں کے خلاف بولنا شرمناک ہے ، سیاست ضرورکریں لیکن پاک فوج کے خلاف ایک لفظ بھی بولنے والوں کی ہر محب وطن شہری زبانیں کھینچ لے گا۔
وفاقی وزیر نے افواج پاکستان بالخصوص سپہ سالار فیلڈ مارشل چیف آف ڈیفنس فورسز حافظ سید عاصم منیر کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے افواج پاکستان کے حق میں نعرے لگوائے ۔وفاقی وزیر نے 25دسمبر کو یوم قائد اعظم اور کرسمس کے حوالے سے کہا کہ قائد نے پاکستان بناتے ہوئے کہا تھا یہ اقلیتوں سمیت سب کا ملک ہے ، مساجد کی طرح گرجا گھروں کا احترام ہم سب پر یکساں واجب ہے ،اقلیتوں نے بھی اس ملک کے لئے قربانیاں دیں، ہر پاکستانی اپنے مسیحی بھائیوں کا مقروض ہے جنہوں نے تعلیم، صحت، عدلیہ اور عسکری اداروں میں شاندار خدمات سر انجام دیں۔