اڈیالہ جیل زمان پارک نہیں جہاں ہر ہفتے تماشا لگایا جائے ، عظمیٰ
اگر پولیس کے ساتھ بدتمیزی اور ہاتھا پائی کی جائے تو کیا وہ خاموش تماشائی بنی رہے ؟ جو خود کو کبھی مقبول ترین سمجھتا تھا، اب وہ فضول ترین بن چکا ،وزیر اطلاعات پنجاب
لاہور(اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے تحریک انصاف کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اڈیالہ جیل، زمان پارک یا پاکپتن کا پیر خانہ نہیں جہاں ہر ہفتے اہلِ خانہ اور چند کرائے کے لوگوں کے ساتھ تماشا لگایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کا کوئی عہدے دار تک نہیں پہنچتا۔ایکس پر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ خواتین کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ، جبکہ پولیس ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتی ہے ، تاہم جب قانون کی خلاف ورزی کی جاتی ہے تو پولیس کو حرکت میں آنا پڑتا ہے ۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر پولیس کے ساتھ بدتمیزی اور ہاتھا پائی کی جائے تو کیا پولیس خاموش تماشائی بنی رہے ؟۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ اپنے ہر گناہ کا الزام مریم نواز پر ڈالنا بند کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جو خود کو کبھی مقبول ترین سمجھتا تھا، اب وہ فضول ترین بن چکا ۔اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے کے تمام اداروں میں جدید،ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات متعارف کروا رہی ہے تاکہ عوام کو تیز،شفاف اور موثر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے مخالفین کو مشورہ دیا کہ وہ سیاسی شعبدہ بازی اور منفی سیاست کی بجائے ترقی اور خوشحالی میں پنجاب کا مقابلہ کریں،کیونکہ انتشار اور منفی سیاست کا عوامی فلاح اور ترقی سے کوئی تعلق نہیں۔