عمران سے ملاقات نہ ہونے پر بہنوں کا 10 گھنٹے طویل دھرنا ختم کر دیا گیا
راولپنڈی (خبر نگار)بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہو نے پر انکی ہمشیرہ علیمہ خان نے راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے قریب اڈیالہ روڈ پر10 گھنٹے طویل دھرنا دیا جس کو مذاکرات کے بعدختم کر دیا گیا۔
دریں اثنا پی ٹی آئی کے اوکاڑہ سے مقامی رہنما کو پولیس نے تحویل میں لے لیا۔ راولپنڈی سے پولیس کے مطابق مہر عبدالستار اوکاڑہ میں درج مقدمات میں اشتہاری ملزم ہیں، انہیں اوکاڑہ پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔ادھر علیمہ خان کے قریب سے مسلح شخص کو گرفتار کر لیا ،پولیس نے علیمہ خان کو آگاہ کر دیا اور کہا یہ مسلح شخص آپکے قریب موجود تھا،یہ کتنا بڑا سکیورٹی بریچ ہے ،ایس ایچ او صدر بیرونی کا موقف ہے کہ یہ آپ ہی کا بندہ ہو گا،تحویل میں لئے گئے شخص کا نام عارف چٹھہ ہے اورتعلق ملتان سے ہے ۔تحویل میں لئے گئے شخص سے لائسنس یافتہ پستول برآمد ہوا۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین قریشی کو مشکوک شخص کی شناخت کیلئے بلایا گیا۔معین قریشی نے پولیس کو بتایا وہ اس شخص کو نہیں جانتے ۔دوسری طرف علیمہ خان نے ماربل فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی خبر لیک کروائی گئی ۔بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا سیریس ایشو ہے ۔
ہماری آج بھی ملاقات نہیں کروائی گئی ،بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا مسئلہ ہے ،بشریٰ بی بی کی بیٹی اور بھابی کی ملاقات ہوئی ۔پمز کے ڈاکٹر نے کہا شکر کریں ہم آگئے ، نہیں تو بانی پی ٹی آئی کی آنکھ ضائع ہو جاتی۔وزیر اعلی ٰ خیبر پختونخوا سے کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے کے پی بند کریں ،اب بہت ہوگئی۔علیمہ خان نے مشعال یوسفزئی کو اپنے نشانے پر لے لیا، کہا مجھے نہیں لگتا کہ یہ بانی پی ٹی آئی کی خیر خواہ ہے ، 8 فروری سے توجہ ہٹانے کیلئے بانی کی میڈیکل رپورٹ لیک کی گئی، پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ مشعال یوسفزئی کے بیان کے بارے میں ان سے 8 فروری کے بعد بازپرس ہوگی، اگر کوئی شخص جھوٹ بولتا ہے تو وہ کیسے بانی کا وفادار ہوسکتا ہے ۔ بیرسٹر گوہر کا بشریٰ بی بی کی فیملی سے بانی کا پیغام وصول کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی فیملی کی عمران سے ملاقات نہیں ہوئی ، بشریٰ بی بی نے انکی صحت کے بارے میں بتایا ہے ۔ عمران کی طبیعت قدرے بہتر ہے ، 8 فروری کے حوالے سے کوئی پیغام نہیں دیا گیا، کوئی سیاسی بات نہیں ہوئی۔