پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ٹیرف ریٹ کوٹہ معاہدے پر دستخط
برسلز: (دنیا نیوز) پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ٹیرف ریٹ کوٹہ (TRQ) معاہدے پر دستخط کئے گئے۔
معاہدہ، برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے بعد پاکستان اور یورپی یونین کے مابین دوطرفہ تجارت میں تسلسل اور قانونی وضاحت یقینی بنائے گا، برسلز میں دستخطی تقریب ہوئی، پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے دو طرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی اعتماد میں اضافے کا عندیہ دیا۔
معاہدہ سے کثیرالجہتی نظام اور قواعد پر مبنی عالمی تجارت سے وابستگی کا واضح پیغام دیا گیا، پاکستان اور یورپی یونین نے دوطرفہ و کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ تعاون کے مضبوط جذبے، باہمی اعتماد اور تکنیکی مقبولیت کی ایسی عکاسی کرتا ہے جو پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ کثیرالجہتی ہونے کے ساتھ ساتھ دونوں فریقوں کی وابستگی اور ایک مضبوط قواعد پر مبنی بین الاقوامی تجارتی نظام کے تحفظ کا واضح اشارہ دیتا ہے۔
سفیر نے دو طرفہ اور کثیر الجہتی فورمز پر پاکستان اور یورپی یونین کے قریبی تعاون پر روشنی ڈالی، جس میں کثیر فریقی عبوری اپیل کا ثالثی انتظام (ایم پی آئی اے)، ترقیاتی معاہدے کے لیے سرمایہ کاری کی سہولت، تجارت اور صنفی تحفظ کے اقدام بھی شامل ہیں۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ یورپی یونین پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے، جس میں جی ایس پی پلس کے ذریعے یورپ پائیدار اقتصادی ترقی کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹی آر کیو معاہدہ واضح ذمہ داری، رپورٹنگ اور تصدیقی انتظامات کے ذریعے اس فریم ورک کی تکنیکی بنیادوں کو مضبوط کرتا ہے۔