وزیر اعظم غزہ امن بورڈ اجلاس میں شریک ہونگے : دفتر خارجہ
نائب وزیراعظم، اعلیٰ سطح کا وفد بھی ساتھ ہوگا، وزیراعظم ٹرمپ سے ملیں گے
اسلام آباد (وقائع نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک ) ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ اجلاس میں شریک ہوں گے، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے ۔ ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح وفد بھی ہوگا، دورہ امریکا کے دوران وزیراعظم ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملیں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا داعش کی افغانستان میں موجودگی کے ثبوت عالمی شراکت داروں سے شیئر کئے ہیں، داعش کے حملوں کا ماسٹر مائند افغانستان میں موجود ہے، پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے ،بھارت سے نئے ڈیم کی تعمیر کی تفصیلات مانگی ہیں، بھارت یکطرفہ اقدامات سے گریز کرے، وہ سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کا پابند ہے، ترجمان نے کہا کہ بھارت کرکٹ کو بنگلہ دیش کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے ، بھارت کے خلاف نہ کھیلنے کا فیصلہ کرکٹ کو ہتھیار نہ بنانے کے لئے کیا تھا۔
ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان عمان میں ایران امریکہ مذاکرات کا خیر مقدم کرتا ہے ۔ہم ایرانی وزیر خارجہ کے مثبت بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔قبل ازیں یہ مذاکرات استنبول میں وسیع پیمانے پر ہونے تھے ۔اس حوالے سے پاکستان کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی ،ترجمان نے کہا کہ ہم نے کبھی وزیراعظم کے دورہ میونخ، جرمنی کا اعلان نہیں کیا ،ہم افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال نہیں چاہتے ، ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کا غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کا فیصلہ ان کا اپنا ہے ہم ان کے فیصلے پر تبصرہ نہیں کرتے ۔