عمران خان سب سے مراعات یافتہ قیدی : وزرا

 عمران خان سب سے مراعات یافتہ قیدی : وزرا

رہن سہن ،کھانے پینے سے متعلق تفصیلات نے ابہام دور کر دئیے :عطا تارڑ عمران خان کی بینائی کتنی متاثر ہوئی ،یہ فیصلہ وکیل نہیں ماہر ڈاکٹر کریگا :طلال صحت پر سیاست بڑا جرم،جس ڈاکٹر سے چیک کروانا چاہیں کروایا جائیگا:رانا ثنا

اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ علیمہ خان اور بانی پی ٹی آئی کے دیگر فیملی ممبران کی طرف سے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جیل میں مبینہ سختی اور نامناسب حالات سے متعلق پھیلایا جانے والا جعلی بیانیہ آج ختم ہو گیا۔جمعرات کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکسپر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ روزمرہ کے معمولات اور ڈائٹ پلان کے حوالے سے رپورٹ میں رہن سہن اور کھانے پینے سے متعلق تفصیلات نے تمام ابہام دور کر دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو تمام تر سہولیات میسر ہیں اور انہیں کسی عام قیدی سے کئی گنا زیادہ مراعات حاصل ہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آنکھ سے کتنا نظر آتا ہے اور ان کی بینائی کتنی متاثر ہوئی ہے ، یہ فیصلہ کوئی وکیل نہیں بلکہ ماہر ڈاکٹر کرے گا۔ طلال چودھری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل کو کہا گیا وہ اپنے کلائنٹ کی رپورٹ بنائیں، قانون کی حکمرانی کی اس سے بڑی مثال کیا ہوسکتی ہے ؟۔ بانی پی ٹی آئی کو علاج کی سہولت مل رہی ہے ، ان کو بروقت ہر چیز مہیا کی جاتی ہے ،جیل میں جو مینو ہے وہ کسی عام آدمی کے گھر میں نہیں ہوتا۔ پی ٹی آئی اب ہمدردی کارڈ کھیل رہی ہے ، 8 فروری کے احتجاج میں ناکامی کے بعد یہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے پیچھے چھپناچاہتے ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے قائد حزب اختلاف راجا ناصر عباس کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت، جیل اتھارٹی یا دوسری طرف سے کوئی بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست کرے تو بڑا جرم ہے ۔انہوں نے کہا کہ فرینڈ آف کورٹ سلمان صفدر نے یہ نہیں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی شکایت پر ان کا علاج نہیں کروایا گیا، کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج کسی بہتر ڈاکٹر سے کروایا جائے ، جس بھی ڈاکٹر سے چیک کروانا چاہیں کروایا جائے گا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سلمان صفدر نے رپورٹ میں سہولتوں کا ذکر کیا ہے۔

رپورٹ میں صفائی، باورچی، کمرے ، ایکسر سائز مشین اور کھانے سمیت سب سہولتوں کا ذکر ہے ۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت ترجیح ہے اور اگر ان کوعلاج کیلئے باہر بھیجنا پڑا تو ضرور بھیجیں گے ،آنکھ کی بیماری میں ریورسبل اور ریپئرنگ کے امکانات ہیں،مکمل علاج مل جائے تویہ ٹھیک ہو سکتا ہے ۔سلمان صفدر وکیل ہیں ان کی رپورٹ میڈیکل کی نہیں ہے ، بانی کی درخواست پر بانی کو پمز منتقل کیا گیا، ان کا روزانہ کی بنیاد پر چیک اپ ہوتاہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں