اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر برداشت نہیں : الیکشن کمیشن ، وزیر داخلہ طلب

اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر برداشت نہیں : الیکشن کمیشن ، وزیر داخلہ طلب

سیکرٹری داخلہ کے پیش نہ ہونے پرچیف الیکشن کمشنرکااظہاربرہمی،خطوط کاجواب نہ دینے پرنوٹس جاری کرنے کاحکم نقشہ جات اور دیگر ڈیٹا 12 مارچ تک فراہم کر دیا جائیگا،چیف سیکرٹری پنجاب،حلقہ بندیوں کاشیڈول دیاجائے ،کمیشن

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)الیکشن کمیشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا جبکہ سیکرٹری داخلہ کے خلاف کمیشن کے خطوط کا جواب نہ دینے پر نوٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کے کیس کی سماعت کی، کمیشن کو بتایا گیا کہ وزارت داخلہ کو ٹاؤن کارپوریشنوں کی ڈیمارکیشن، یونین کونسلوں کی تعداد، نقشہ جات کی فراہمی اور متعلقہ آرڈیننس میں ضروری ترامیم کے لیے تین مراسلے ارسال کیے گئے تھے تاہم جواب موصول نہیں ہوا۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے موقف اختیار کیا کہ انہیں ایسا کوئی خط موصول نہیں ہوا۔

سیکرٹری داخلہ کی عدم پیشی پر ایڈیشنل سیکرٹری وزارت داخلہ پیش ہوئے اور بتایا کہ سیکرٹری داخلہ وزیر اعظم کی میٹنگ میں مصروف ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ کی جانب سے کمیشن کو جواب نہ دینے کا سخت نوٹس لیا اور حکم دیا کہ انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا جائے کہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیوں نہ کی جائے ۔ کمیشن نے واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔دوسری جانب پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق چیف سیکرٹری پنجاب نے کمیشن کو بتایا کہ صوبائی حکومت لوکل گورنمنٹ حلقہ بندی رولز اور ڈیمارکیشن آرڈر فراہم کر چکی ہے جبکہ نقشہ جات اور دیگر ڈیٹا 12 مارچ 2026ء تک فراہم کر دیا جائے گا۔ کمیشن نے ہدایت کی کہ نقشہ جات ملتے ہی حلقہ بندیوں کا شیڈول فوری جاری کیا جائے ، بصورت دیگر 13 مارچ سے ڈویژن وائز ڈپٹی کمشنرز کو طلب کر کے براہ راست نقشہ جات حاصل کیے جائیں گے ۔ مزید سماعت 10 مارچ بروز منگل تک ملتوی کر دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں