جنگ رہتی تو تیل 600روپے لٹر سے بڑھ جاتا:احسن اقبال
نارووال،لاہور(آئی این پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایران جنگ جاری رہتی تو تیل کی قیمت 600 روپے فی لٹرسے اوپر چلی جاتی اور 193 ممالک کی معیشت بیٹھ جاتی، پاکستان کی قیادت صرف پاکستان کی محسن نہیں بلکہ 193 ملکوں کی محسن ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں نجی کالج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر احسن اقبال نے مزید کہا کہ ایک سیاسی جماعت لوگوں کو بتاتی تھی کہ پاکستان کا بیڑا غرق ہوگیا،ایک لیڈر کی تقریر شروع ہی ستیاناس اور بیڑا غرق سے ہوتی تھی مگر آج اسی پاکستان نے معرکہ حق میں ہندوستان کے دانت توڑ کر رکھ دیئے ،آج آسٹریلیا سے لے کر امریکا تک پوری دنیا میں پاکستان کے چرچے ہیں۔ انہوں نے کہا آج اگر دنیا کے لیڈر جس ملک کو شاباش دے رہے ہیں وہ پاکستان ہے ، آج دنیا پاکستان کی بہترین سفارت کاری کے قصیدے پڑھ رہی ہے ، اللہ نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کا پرچم پوری دنیا میں بلند کر دیا، جب بھی مسلم لیگ(ن)کی حکومت آئی پاکستان کا وقار بلند ہوا۔وفاقی وزیر نے کہا مسلم لیگ کی قیادت میں ملک نے ہر شعبے میں ترقی کی، قائد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا یا تھا۔