امریکی ریاست میں ملزم نے فائرنگ کر کے 8 بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست لوزیانا میں سفاک شخص نے فائرنگ کر کے 8 بچوں کو موت کی نیند سلا دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا، فائرنگ کا واقعہ لوزیانا کے شہر شریوپورٹ میں پیش آیا، جس کے بارے میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے ایک ہی علاقے کے 3 مختلف گھروں کو نشانہ بنایا، فائرنگ کے نتیجے میں 8 بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔

رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں ایک سے 14 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں، واقعے کے بعد ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے فائرنگ کے تبادلے میں اسے ہلاک کر دیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کی وجہ گھریلو تنازع کو قرار دیتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ مقتولین میں سے اکثر کا تعلق حملہ آور کے اپنے خاندان سے تھا، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں