عوام کو انصاف نہیں مل رہا،عید کے بعد بڑی کال دینگے:حافظ نعیم
جماعتوں کی تبدیلی سے فرق نہیں پڑے گا، انگریز کا بنا یا بیوروکریسی نظام بدلنے کی ضرورت :امیر جماعت اسلامی امریکا کبھی مسلمانوں کا دوست نہیں ہو سکتا :پشاور میں خطاب ،پٹرول کی قیمت 250 روپے لٹر مقرر کی جائے :بیان
پشاور،لاہور (این این آئی،آئی این پی،مانیٹرنگ ڈیسک )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ موجودہ عدالتی نظام عوام کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہو رہا ہے ، اصل مسئلہ پورے سسٹم کو بدلنے کا ہے ،سیاسی جماعتیں اے ٹی ایم کے ذریعے حکومت میں آتی ہیں، سیاسی جماعتوں کی محض تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ، عید کے بعد ملک میں بڑی کال دینگے ، انگریز کا بنا یا بیوروکریسی نظام تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جو لوگ صرف سیٹوں کیلئے سیاست کرنا چاہتے ہیں وہ ن لیگ، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی میں چلے جائیں جبکہ نظام بدلنے کے خواہشمند افراد جماعت اسلامی کا حصہ بنیں۔انہوں نے مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بیوروکریسی کو مزید طاقت دینے کا کوئی فائدہ ، اے سی اور ڈی سی کو فنڈز دینے کا نظام قابل قبول نہیں، چند افراد کی اجارہ داری ختم ہونی چاہیے ، پاکستان میں تعلیم کا بحران سنگین ہے ۔
حافظ نعیم نے کہا کہ امریکا کبھی مسلمانوں کا دوست نہیں ہو سکتا تاہم ثالثی کا عمل ضرور ہونا چاہئے ،پاکستان نے امن کیلئے کردار ادا کیا جس کو سراہا جانا چاہیے ،صدر ڈونلڈ ٹرمپ خوار ہو چکے ،اس سے قربتیں بڑھانے کی بجائے باوقار خارجہ پالیسی اختیار کرنی چاہیے ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے امریکی مظالم اور ٹرمپ کے خلاف کوئی واضح مؤقف نہیں اپنایا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جنگ بندی کی کوششیں درست سمت میں ہیں، جنگ کے دوران پچھلے چھ ہفتوں میں حکومت نے 180 ارب روپے وصول کئے اور پٹرول لیوی کے ذریعے بھی اربوں روپے اکٹھے کئے گئے ۔اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی پاکستان نے ایک بار پھر پٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمت 250 روپے فی لٹر مقرر کی جائے ۔ جنگ کے دوران حکومت کی وصول کردہ 180 ارب روپے کی پٹرولیم لیوی کا پٹرول کی اصل قیمت سے تعلق نہیں، امیر وغریب پر ٹیکس کا یکساں بوجھ ڈالنا ظلم کی بدترین شکل ہے ۔