لیوی،ٹیکس بڑھانے پر پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوئیں:مفتاح
فی لٹر پٹرول پر لیوی 120 ، ڈیزل پر 45 روپے لی جا رہی :سابق وزیر خزانہ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ، مزید اضافی ٹیکس سراسر ناانصافی :بیان
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی اصل وجہ عالمی مارکیٹ کے نرخ نہیں بلکہ لیوی اورٹیکس بڑھنے سے قیمتیں بڑھیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘‘ایکس’’پر اپنے ردعمل میں مفتاح اسماعیل نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 15، 15 روپے فی لٹر جو حالیہ اضافہ کیا ہے اس کی اصل وجہ عالمی قیمتیں نہیں بلکہ لیوی اور ٹیکسز میں اضافہ ہے ،پٹرول پر لیوی 120 روپے تک پہنچ چکی ، جس کے بعد نئی قیمت 415 روپے لٹر مقرر کی گئی ۔ اس قیمت میں 20 روپے فی لٹر ڈیوٹی بھی شامل ہے جبکہ ڈیزل پر اس وقت 45 روپے لیوی اور 30 روپے کسٹم ڈیوٹی وصول کی جا رہی ہے ۔ پٹرول کی کل قیمت کا 33 فیصد اور ڈیزل کی قیمت کا 16 فیصد براہِ راست حکومتی محصولات پر مشتمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، اس پر مزید اضافی ٹیکس وصول کرنا سراسر ناانصافی ہے ،ایک طرف حکومت کفایت شعاری کے دعوے کرتی ہے تو دوسری طرف تمام مالی بوجھ عوام پر منتقل کیا جا رہا ہے ۔