پاک چین سفارتی تعلقات ، وفاقی وزارتوں میں پرچم کشائی ، تقریبات
طلال ، طارق فضل دیگر حکام کا پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ وزارت داخلہ، قانون میں یاد گاری پودے لگا ئے گئے ، پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے
اسلام آباد( دنیا نیوز ، نیوز ایجنسیاں ) پاک چین سفارتی تعلقات کے 75برس مکمل ہونے کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں مختلف وزارتوں کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات، پرچم کشائی اور شجرکاری کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزرا، سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی اس موقع پر پاک چین دوستی کو خطے کے امن، ترقی اور استحکام کی ضمانت قرار دیاگیا ۔وزارتِ داخلہ میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے ،اس موقع پر پاک سیکرٹریٹ آر بلاک میں پاکستان اور چین کے پرچم لہرائے گئے جبکہ یادگاری پودا بھی لگایا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا اور یہ لازوال دوستی مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی ،دوسری جانب وزارت قانون و انصاف میں بھی پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی جہاں سیکرٹری قانون و انصاف راجہ نعیم اکبر نے قومی پرچم لہرایا اور شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ تقریب کے شرکا نے پاک چین تعلقات کو باہمی اعتماد، پائیدار دوستی اور سٹر ٹیجک تعاون کی علامت قرار دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ادھر وزارت پارلیمانی امور کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے پرچم کشائی کی جبکہ اسلام آباد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ پاک چین دوستی خطے کے امن و استحکام کی ضمانت ہے اور چین نے ہمیشہ مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے جبکہ سی پیک دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی روشن مثال ہے ۔