آبنائے ہرمز میں خطرہ برقرار ہے، برطانیہ کی میری ٹائم ایجنسی کا انتباہ
لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ کی میری ٹائم ایجنسی یو کے ایم ٹی او نے انتباہ جاری کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں خطرے کی انتہائی سنگین سطح برقرار ہے۔
جاری بیان میں یو کے ایم ٹی او نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز، خلیج عمان اور بحیرہ عرب میں خطرے کی سطح بدستور انتہائی سنگین ہے، اس اہم آبی راستے سے گزرنے والی ٹریفک میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے، خطے میں بحری قزاقی کا خطرہ بھی شدید سطح پر برقرار ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ 21 اپریل سے 2 مئی کے درمیان پکڑے گئے 3 تجارتی جہاز اب بھی حراست میں ہیں، 2 مئی کو یمن کے ساحل سے 10 میل کے فاصلے پر آئل ٹینکر کو قبضے میں لے کر صومالی پانیوں کی طرف موڑ دیا گیا تھا تاہم اس کی موجودہ صورتحال کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
مزید برآں آبنائے ہرمز سے گزرنے والے راستوں میں بارودی سرنگوں کی موجودگی اور سیٹلائٹ نیویگیشن سسٹمز میں مداخلت بھی مسلسل جاری ہے، باب المندب اور خلیج عدن کے قریبی علاقوں میں تجارتی بحری ٹریفک مستحکم ہے اگرچہ حوثیوں کی جانب سے بیانات اور دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔