اسرائیل نے ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ کے تمام ارکان کو رہا کردیا

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی حکام نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے بحری قافلے ‘گلوبل صمود فلوٹیلا’ کے تمام گرفتار ارکان کو رہا کرنے کی تصدیق کردی ہے، رہا کئے گئے امدادی کارکنوں کو اسرائیل سے ترکیہ بھیج دیا گیا۔

امریکا میں مقیم فلسطینی حقوق کی تنظیم ’عدالہ‘ کے مطابق رہا ہونے والے امدادی کارکنوں کو اسرائیل بدر کرنے کے احکامات جاری ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب، ترکیے کے وزیرِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ان رضاکاروں کو بحفاظت ترکیے منتقل کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیلی فورسز نے کارروائی کے دوران ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ کی تمام امدادی کشتیاں اپنی تحویل میں لے لی تھیں اور پاکستان کے سعد ایدھی سمیت 430 بین الاقوامی رضاکاروں کو غیر قانونی طور پر حراست میں لے لیا تھا۔

اسرائیل کے اس اس وحشیانہ اقدام پر پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سخت مذمتی بیانات جاری کیے تھے۔

اطلاعات کے مطابق حراست کے دوران بین الاقوامی امدادی کارکنوں کو شدید جسمانی اور نفسیاتی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی اہلکاروں نے رضاکاروں پر ٹیزر گنز کا استعمال کیا اور ربڑ کی گولیاں چلائیں، جبکہ متعدد مسلم خواتین شرکا کے حجاب بھی زبردستی اتار دیے گئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں