مولانا فضل الرحمان جہاں غلط ہوں گے وہاں کہا جائےگا: گورنر خیبر پختوںخوا
پشاور:(دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سیاسی ماحول میں بڑھتی ہوئی تلخی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جہاں غلط ہوں گے انہیں غلط کہیں گے۔
خیبر پختوںخوا کے دارالحکومت پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب! دشنام طرازی کے بغیر بھی سیاست کی جا سکتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو وضع داری اور بصیرت کا مظاہرہ کرنا چاہیے، معاملات مذاکرات کے ذریعے طے ہونے چاہئیں اور تلخیاں دور کرنے کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔
وفاقی وزرا کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ اتنی تلخیاں نہیں ہونی چاہئیں کہ سیاسی رہنما ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ بھی نہ سکیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میری سیاسی تربیت ایسی نہیں کہ کسی کو گالیاں دوں، مولانا فضل الرحمان کو گالیاں دینے کی بات درست نہیں، شوکت یوسفزئی کو ٹی وی پر روتے ہوئے دیکھا تھا، انہیں گالیاں ان کے اپنے لوگوں نے دیں۔
اُنہوں ںے سافٹ ویئر پر سوالات کے حوالے سے کہا کہ میرا سافٹ ویئر ٹھیک ہے، آپ اپنے سافٹ ویئر کے بارے میں بتائیں۔
گورنر خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ ریفرنڈم بلوچستان اور خیبرپختونخوا کا مسئلہ نہیں بلکہ سندھ اور پنجاب کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے نمائندے ہیں اور صدر نے انہیں یہ ذمہ داری سونپی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments