عالمی معاہدوں کا احترام اور ان پر عملدرآمد عالمی امن کی ضمانت ہے: اسحاق ڈار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی معاہدوں کا احترام اور ان پرعملدرآمد عالمی امن کی ضمانت ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کے ساتھ ہمارے تعلقات مضبوط دوطرفہ بنیادوں پر استوار ہیں، بنگلادیش کے ساتھ ہمارے تعلقات گرمجوشی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ سی پیک فریم ورک کے تحت چین کے ساتھ ہماری وسیع قانونی شراکت داری موجود ہے، پاک چین اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کو معاشی طور پر قریب لا رہی ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ بعض ملکوں کی جانب سے معاہدوں کو التوا میں رکھنا انتہائی تشویشناک ہے، قانونی انتظامات کی معطلی، معاہدوں کو سیاسی دباؤ کے طور پر استعمال کرنا تشویشناک ہے۔

اسحاق ڈار نے کہپا کہ ایسے اقدامات باہمی اعتماد کو مجروح کرتے ہیں جو بین الاقوامی قانونی نظام کے لیے خطرناک ہے، پاکستان تمام دوست ملکوں کے لیے ایک مخلص شراکت دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنی تمام بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے، یو این چارٹر کے تحت عالمی قوانین کی پاسداری سب پر لازم ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان 47 سال بعد ثالث کے طور پر مذاکرات کرائے، مذاکرات سے دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی۔

نائب وزراعظم نے کہا کہ پاکستان تنازع کے پائیدار حل کے لیے سفارتی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے، پاکستان تنازعات کے حل کے لیے کثیرالجہتی سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے چین، آذربائیجان، بنگلادیش، ترکیہ کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، پاکستان کے دروازے دوست ملکوں کے عوام کے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں