لاہور :سینکڑوں سکول ٹیچر انٹرنیز بغیر تنخواہ عید گزارنے پر مجبور

لاہور :سینکڑوں سکول ٹیچر انٹرنیز بغیر تنخواہ عید گزارنے پر مجبور

لاہور (این این آئی) لاہور میں سینکڑوں سکول ٹیچر انٹرنیز (ایس ٹی آئیز) عیدالاضحیٰ بغیر تنخواہ گزارنے پر مجبور ہیں۔ذرائع کے مطابق لاہور میں 790 ایس ٹی آئیز کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں ہوئیں جس کے باعث وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

 ہائی اور ہائر سیکنڈری ونگ میں ایس ٹی آئیز کی تعداد 354 ہے جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں انٹرنیز کو تنخواہیں جاری کی جا چکی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر تعلیم نے عید سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی کا وعدہ کیا تھا تاہم لاہور کے بیشتر انٹرنیز تاحال ادائیگی کے منتظر ہیں۔عید کی چھٹیوں سے قبل آخری ورکنگ ڈے پر صرف 70 ایس ٹی آئیز کو شام 4 بجے کراس چیک جاری کیے گئے لیکن بینک بند ہونے کے باعث وہ بھی رقم وصول نہ کر سکے ۔ذرائع کے مطابق سیکرٹری سکولز ایجوکیشن مدثر ریاض ملک اس وقت وزیر تعلیم کے ہمراہ لندن کے دورے پر موجود ہیں۔دوسری جانب سی ای او ایجوکیشن طارق محمود نے کہا ہے کہ چیک جاری کر دیے گئے ہیں اور جلد ہی رقم کیش بھی ہو جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں