کچے کے حالات کافی بہتر ، آپریشن جاری رہے گا ،وزیراعلیٰ سندھ

کچے کے حالات کافی بہتر ، آپریشن جاری رہے گا ،وزیراعلیٰ سندھ

رونتی میں ترقیاتی کام کروائے اور وہاں کے شہریوں کو سہولیات فراہم کرینگے مرادشاہ کا ہندو برادری کے روحانی پیشوا کے انتقال پر ورثاء سے اظہا تعزیت

ڈہرکی(نمائندہ دنیا)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ رہڑکی دربار پہنچے ، گدی نشین سائیں سادھ رام کے انتقال پر ان کے ورثاء اور ہندو برادری سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، صوبائی وزیر ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ، صوبائی مشیر بحالی گیان چند ایسرانی ، ایم پی اے امداد علی پتافی اور چیئرمین ضلع کونسل گھوٹکی بنگل خان مہر بھی موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ رہڑکی دربار پہنچے اور ہندو برادری کے روحانی پیشوا اور رہڑکی دربار کے گدی نشین سائیں سادھ رام کے انتقال پر ان کے ورثاء سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

س موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سائیں سادھ رام ایک نہایت محبت کرنے والے انسان تھے ، ان سے کئی ملاقاتیں رہیں، وہ ہمیشہ مسکراتے رہتے اور سب کا خیال رکھتے تھے ۔ ان کے انتقال سے ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے ۔ امید ہے کہ ان کے پیروکار سائیں سادھ رام کے امن اور محبت کے پیغام پر عمل کرتے رہیں گے ۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ رونتی کچے میں بڑا مسئلہ تھا، تاہم سندھ حکومت نے اس حوالے سے اقدامات کیے ہیں جس کے باعث پہلے کی نسبت کافی بہتری آئی ہے ۔ کچے میں آپریشن جاری رہے گا اور ترقیاتی کام بھی کروائے جائیں گے تاکہ وہاں کے رہائشیوں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں