صفائی ورکرز اصل ہیرو قرار، 10 ہزا ر روپے انعام کا اعلان

صفائی ورکرز اصل ہیرو قرار، 10 ہزا ر روپے انعام کا اعلان

ورکرزنے 72 گھنٹے دن رات کام کرکے مثالی صفائی یقینی بنائی:مریم اورنگزیب پنجاب بھر میں ورکرزنے صاف ستھرا اور صحتمند ماحول برقرار رکھا :عظمیٰ بخاری

لاہور (سپیشل رپورٹر،دنیانیوز)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عیدالاضحیٰ 2026 کے موقع پر صوبہ بھر میں کئے گئے صفائی آپریشن کو تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے صفائی ورکرز کو’’اصل ہیرو‘‘قرار دیا اوروزیراعلیٰ مریم نوازکی طرف سے فی کس10ہزارروپے انعام دینے کا اعلان کیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں شدید گرمی اور مشکل حالات کے باوجود صفائی عملے نے مسلسل 72 گھنٹے دن رات کام کرکے صوبے بھر میں مثالی صفائی یقینی بنائی۔لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے بتایا کہ عید کے تین دنوں اور چاند رات کے دوران صوبہ بھر سے 3 لاکھ 76 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اور دیگر ویسٹ بروقت اٹھا کر ٹھکانے لگایا گیا، جو گزشتہ سال کے ریکارڈ سے بھی زیادہ ہے ۔

اس بڑے آپریشن میں ایک لاکھ 84 ہزار سے زائد صفائی ورکرز، 40 ہزار سے زائد مشینری یونٹس، ہزاروں اضافی گاڑیاں اور جدید ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم استعمال کیا گیا۔ مریم اورنگزیب نے اعلان کیا کہ مریم نواز نے صفائی آپریشن میں حصہ لینے والے تمام صفائی ورکرز کیلئے تنخواہ کے علاوہ فی کس 10 ہزار روپے خصوصی انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔دریں اثنا وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت اور مسلسل نگرانی میں عید صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا۔انہوں نے کہا کہ صفائی ورکرز کی غیرمعمولی محنت، مؤثر حکومتی حکمت عملی اور عوامی تعاون کے باعث عیدالاضحیٰ کے دوران پنجاب بھر میں صاف، ستھرا اور صحت مند ماحول برقرار رکھا گیا، جسے شہریوں نے بھرپور سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں