آٹا مزید مہنگا، 20 کلو کاتھیلا 2800 روپے تک جا پہنچا
کراچی میں تھیلا سب سے مہنگا ، پشاور 2750 ،لاہور 2250 روپے میں فروخت ہفتہ وار مہنگائی میں کمی کے باوجودمتعدد اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں:ادارہ شماریات
لاہور،کراچی،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)ملک میں آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ،20 کلوتھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 2800روپے تک پہنچ گئی جبکہ ملک بھر میں ہفتہ وار مہنگائی میں 0اعشاریہ56 فیصد کمی کے باوجود متعدد اشیائے ضروریہ مہنگی ہو گئیں۔ ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ مہنگا آٹا ہے جہاں 20کلو تھیلے کی قیمت 2800 روپے تک پہنچ چکی ،اسی طرح پشاور میں اس کی قیمت 2750 روپے ،اسلام آباد میں 2733 روپے ،راولپنڈی میں 2707 ، کوئٹہ اور بنوں میں 2700 روپے تک ہے جبکہ حیدر آباد میں 20 کلو تھیلے کی قیمت 2600 ،خضدار اور لاڑکانہ میں 2400 ،فیصل آباد 2350 ،گوجرانوالہ میں 2333 ،ملتان میں 2267 روپے ، لاہور میں 2250 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے ۔اسی طرح سرگودھا اورسیالکوٹ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2200 روپے تک ہے ۔دوسری طرف وفاقی ادارہ شماریات کی مہنگائی سے متعلق جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 14 اعشاریہ 75 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔ذرائع ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ 1 ہفتے میں 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور10 اشیا سستی ہوئیں جبکہ 19 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔اس ہفتے پیاز 28 اعشاریہ 16 ، آلو 21 اعشاریہ 91 ،ٹماٹر 9 اعشاریہ 56 اور کیلے 1 اعشاریہ 20 فیصد مہنگے ہوئے ۔ علاوہ ازیں گھی، کوکنگ آئل، تازہ دودھ اور ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 1 ہفتے میں چکن 9 اعشاریہ 48 فیصد ، لہسن 9 اعشاریہ 13 فیصد ،ڈیزل 7 اعشاریہ 01 فیصد اور پٹرول 6 اعشاریہ 80 فیصد سستا ہوا ہے ۔