چھاپے نہ ماریں، 7فیصد گندم دینے کو تیار ہیں:مل مالکان
حکومت ملوں کی بجائے دیگر لوگوں سے گندم کا سٹاک برآمد کرے :عاصم رضا گندم کی آزادنہ نقل و حمل کی اجازت دیں:مرکزی چیئرمین فلور مل ایسوسی ایشن
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )پاکستان فلور مل ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین نے کہا ہے کہ ہماری فلور ملز پر چھاپے نہ مارے جائیں ہم 7 فیصد سٹاک حکومت کو دینے کو تیار ہیں ، 16 لاکھ ٹن گندم ڈکلیئر ہے ، حکومت فلور ملوں کی بجائے دیگر کاروبار کرنے والے لوگوں کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے گندم کا سٹاک برآمد کرے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان فلور مل ایسوسی ایشن کے طلب کردہ ہنگامی اجلاس میں ملز مالکان نے حکومت کو گندم سٹاک میں سے 7 فیصد دینے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے ۔اس بارے مرکزی چیئرمین پاکستان فلور مل ایسوسی ایشن عاصم رضا کا کہنا ہے کہ حکومت ہماری ملز پر چھاپے مارنے کی بجائے ان لوگوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرے جو گندم سٹاک کر کے بیٹھے ہیں ،حکومت گندم کی آزادانہ نقل و حمل کی اجازت دے تاکہ پورے ملک میں گندم پہنچے اور آٹے کا ریٹ یکساں ہوں۔فلور مل ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ 236 جی اور ایچ کے ساتھ ہم کام نہیں کر سکتے ۔پاسکو کے مطابق گندم کا سٹاک پچھلے سال کی نسبت 4 لاکھ میٹرک ٹن کم ہے ، ملک میں گندم کی کوئی کمی نہیں ، مارکیٹ میں گندم کا ریٹ 38 سو روپے چل رہا ہے ۔