کینال روڈ پرٹائروں والی ٹرام سروس شروع نہ ہوسکی
8 ماہ گزرنے کے بعد بھی نہ ٹریک مکمل ہوا، نہ ہی آپریشنل مرحلہ ممکن بنایا جا سکا
لاہور (شیخ زین العابدین )کینال روڈ پر چلنے والی پنجاب کی پہلی ٹائر بیسڈ ٹرام سروس مالی سال 2025-26 کے اختتام تک بھی آغاز نہ کر سکی۔80 ارب روپے مالیت کا فلیگ شپ منصوبہ فنڈنگ کے مسائل، تکنیکی پیچیدگیوں اور کنٹریکٹرز کی عدم دلچسپی کے باعث سست روی کا شکار ہے ۔حکومت کے بلند دعوؤں کے برعکس نہ تعمیراتی کام شروع ہو سکا اور نہ ہی وہ ٹرام سڑکوں پر آ سکی جو آٹھ ماہ قبل چین سے لاہور پہنچ چکی تھی۔ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں جدید شہری ٹرانسپورٹ کے نظام کے طور پر متعارف کرایا جانے والا ییلو لائن ٹائر بیسڈ ٹرام منصوبہ مالی سال 2025-26 کے اختتام تک بھی عملی پیش رفت سے محروم رہا۔ آٹھ ماہ گزرنے کے بعد بھی نہ ٹریک کی تعمیر مکمل ہو سکی اور نہ ہی آپریشنل مرحلے کا آغاز ممکن بنایا جا سکا۔ذرائع کے مطابق منصوبے پر عملدرآمد کے لیے بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے متوقع دلچسپی سامنے نہ آ سکی۔