حکومت تبدیلی کی باتیں محض ہوائیں ہیں:نجم سیٹھی
فیصل واوڈا کے ذریعے ن لیگ کو چھوٹا، پیپلزپارٹی کو بڑا جھٹکا دیا جارہاہے عمران کو چپ بیٹھنے پر موقع ملنے کی آفر ہوگی : ’’آج کی بات سیٹھی کیساتھ‘‘
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر صحافی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا لانچ بھی ہوتے ہیں۔ انہیں واپس پیچھے بھی کھینچ لیا جاتا ہے ، مقصدیہ ہوتا ہے کہ ایک اور جھٹکا دیا جائے ۔ مختلف حکومتوں کو جھٹکا دینا، وفاقی اورصوبائی حکومتوں کو۔ ن لیگ کی معاشی کارکردگی اچھی ہے ، ان کو چھوٹا سا جھٹکا ، پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ جھٹکا ۔ کے پی کے میں بھی وہ جھٹکے دیتے رہتے ہیں،دنیا نیوز کے پروگرام ’’آج کی بات سیٹھی کے ساتھ ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ فیصل واوڈا دو تین دن کیلئے میڈیا پر آتے ہیں پھر غائب ہو جاتے ہیں،فیصل واوڈا نے جو جھٹکے دئیے ہیں اس پر کئی باتیں شروع ہو چکی ہیں،کہا جارہا ہے کہ تبدیلیاں آرہی ہیں،میں سمجھتا ہوں کہ یہ سب ہوائیں ہیں،میرا خیال ہے ایک، ڈیڑھ ماہ تک کچھ نہیں ہونا،جون ، جولائی میں کوئی تبدیلی نہیں آنی، یہاں تک کہ کابینہ کے اندر بھی تبدیلی نہیں آنی۔
اب وہ (اسٹیبلشمنٹ)چاہتے ہیں یہ ساری چیزیں ختم کریں، تو وہ ہونہیں رہی،پیپلزپارٹی اس میں رکاوٹ بن رہی ہے ، اور کے پی کے بھی رکاوٹ ڈال رہا ہے ، باقی جگہ سے کوئی ایشو نہیں ہے ، اگر ایسا ہی چلتا رہا تو پھر میرا خیال ہے وہ وقت آسکتا ہے ،28 ویں ترمیم کرلو، اس کے ساتھ بہت سی تبدیلیاں ہوجائیں گی، نقصان بھی ہو گا،وہ وقت دور نہیں کہ پھر خان صاحب کو ایک موقع ملے گا کہ کوئی \"گل کر لو\" چپ کر کے بیٹھ جائو اپوزیشن میں آرام سے کام کرو، 2029 یا 2030 میں الیکشن ہوں گے ، ہم گارنٹی دیتے ہیں آپ کو ایک موقع مل جائے گا، یہ آفر پہلے بھی خان صاحب کو ہوئی تھی لیکن خان صاحب کہہ رہے تھے فوری طور پر ہو۔ لیکن اب پھر ایک موقع ملے گا ،عمران خان کو چاہئے کہ سوچے کہ کچھ نہ کچھ تبدیل ہو سکتا ہے آپ سروائیول کی بات کریں،ابھی عمران خان آئسولیٹڈ ہیں،میرا خیال ہے کہ عمران خان سے ان کی ٹیم کی ملاقات ہو جائے گی، میری پیشگوئی یہی ہے کہ بہت جلد ملاقات ہوجائے گی۔