ٹیلی کام بل پران کیمرہ اجلاس:نجی پراپرٹی پرزبردستی ٹاورنہیں لگے گا:وزیرقانون
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت ٹیلی کام کمپنیوں کو شہریوں کی جائیدادوں تک آزادانہ رسائی کے بل کا جائزہ لینے والی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔۔۔
اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس کے بعد وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ کے ساتھ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نجی جائیداد پر قبضے یا زبردستی ٹاورز لگانے کا کوئی ارادہ نہیں، یقین دلاتا ہوں بل سے کسی کی ذاتی ملکیت یا پرائیویسی متاثر نہیں ہوگی۔عوامی خدشات دور کرنے کیلئے قانون میں مزید وضاحت شامل کی جائے گی، مالک کی اجازت کے بغیر نجی املاک پر ٹاور نہیں لگے گا، اعتراضات جمہوری عمل کا حصہ ہیں، معاملہ جلد حل ہوجائے گا۔وزیر قانون نے کہا کہ بل کی چند شقوں پر اعتراضات ہیں، مشاورت کا عمل جاری ہے ، ڈیجیٹل ترقی اور کنیکٹیویٹی کیلئے قانون سازی ناگزیر ہے ، آئی ٹی، براڈ بینڈ اور اے آئی کی ترقی کیلئے رکاوٹیں دور کرنا لازمی ہے ۔ نئی نسل کو آئی ٹی سے جوڑنے اور برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات ضروری ہیں،بل میں موجود ابہام دور کرکے تمام تحفظات ختم کر دیئے جائیں گے ، نجی املاک کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا،قانون سازی کا مقصد سہولت دینا ہے ، نجی حقوق متاثر کرنا نہیں۔