الیکشن بائیکاٹ پیپلزپارٹی کا آپشن نہیں،ن لیگ الجھنا نہیں چاہتی
پیپلزپارٹی پسپائی اختیار نہیں کریگی لیکن دھاندلی کی بنیاد پر مہم بھی نہیں چلے گی
(تجزیہ:سلمان غنی )
آزاد کشمیر کے انتخابی عمل میں دوسرے مرحلہ کے واضح نتائج کے بعد اب تیسرے مراحل کی اہمیت و حیثیت کم ہو کر رہ گئی ہے اور اس کی بڑی وجہ مسلم لیگ ن کوپہلے دو مراحل میں ملنے والی واضح اکثریت ہے ،دوسری جانب پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج تسلیم نہیں کررہی اور دوبارہ انتخاب کا مطالبہ کرتی نظر آ رہی ہے ،اطلاعات تو یہ ہیں کہ وہ کشمیر کے الیکشن کو بنیاد بنا کر ن لیگ پر دباؤ بڑھانا چاہتی ہے مگر مسلم لیگ ن پیپلزپارٹی سے الجھنے کی بجائے حکومتی معاملات پر ہی فوکس کرنے کو ترجیح دے رہی ہے ، بنیادی سوال یہ ہے کہ آخر بلاول بھٹو زرداری آزاد کشمیر کے انتخابی عمل کو بنیاد بناتے ہوئے مسلم لیگ ن اور اس کی حکومت پر کیونکر چڑھ دوڑے ،کہا جارہا ہے کہ وہ دوسرے مرحلے کیلئے ووٹرز کو متوجہ کرنا چاہتے تھے ،اگرکشمیر الیکشن کے دونوں مراحل کا تجزیہ کیا جائے تو مسلم لیگ ن سادہ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے اور اب 10 اگست کو پونچھ ڈویژن کی 11نشستوں کیلئے انتخاب ہونا ہے۔
جس کے حوالہ سے اطلاعات یہ ہیں کہ 8 سپیشل نشستوں میں سے 6 ن لیگ کے پلڑے میں آئیں گی، جہاں تک پیپلزپارٹی کے حوالہ سے سوال ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے انتخابی عمل پر انتخابی نتائج کے بعد پسپائی اختیار کرے گی تو فی الحال تو ایسا نظر نہیں آتا لیکن دھاندلی کی بنیاد پر پیپلزپارٹی کی یہ مہم زیادہ دیر نہیں چل پائے گی، ویسے تو کشمیر سے خبر آ رہی ہے کہ پہلے دو مراحل کے انتخابی نتائج کے بعد تیسرے مرحلہ کیلئے پیپلزپارٹی بائیکاٹ کے آپشن پر غور کر رہی ہے جس کا اشارہ راجہ پرویز اشرف بھی دے چکے ہیں لیکن واقفان حال کا کہنا ہے کہ بائیکاٹ کرنا پیپلزپارٹی کا آپشن نہیں ہوگا، دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف نے پارٹی ذمہ داران سے کہا ہے کہ صبر سے کام لیں، اپنے اصل کام پر توجہ دیں اور پیپلزپارٹی پر نظر رکھیں کہ وہ صوبوں کی تقسیم پر کہاں کھڑی ہوتی ہے ، کیا کرتی ہے ، مسلم لیگ کے ذمہ داران کو یہ ہدایات بھی دی گئی ہیں کہ دھاندلی کے الزامات کے جوابات میں حقیقت ضرور بتائیں لیکن اپنی اتحادی پیپلزپارٹی کی لیڈر شپ کو ٹارگٹ کرنے سے پرہیز کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments