وزیر مذہبی امور نے محسن نقوی کی حمایت کر دی
پختونخوا اسمبلی میں نئے صوبے کے حق میں قراردادیں منظور ہو چکیں:سرداریوسف مسائل کا حل نئے صوبوں کا قیام ، معیشت میں بہتری آئے گی:سینیٹر طلحہ محمود
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے وزیرداخلہ محسن نقوی کے مؤقف کی حمایت کردی ۔سردارمحمدیوسف نے سینیٹر طلحہ محمود نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبہ ہزارہ کے قیام کے مطالبے کی حمایت کا اعادہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ ہزارہ کی تحریک 2010 میں شروع ہوئی اور یہ کسی ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ تمام مکاتب فکر اور عوام کی متفقہ آواز ہے ۔سردار محمد یوسف نے کہا کہ صوبہ ہزارہ کے قیام پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی 2014، 2018 اور 2020 میں صوبہ ہزارہ کے حق میں آئینی قراردادیں منظور کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے بل پیش کیے جا چکے ہیں، جو قانون و انصاف کی قائمہ کمیٹیوں کو بھیجے گئے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 2010 کی تحریک میں ہزارہ کے سات نوجوان جان سے گئے اور اس وقت تمام سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ایک ہی مطالبہ تھا کہ صوبہ ہزارہ بنایا جائے ، ان کا کہنا تھا کہ انتظامی طور پر نئے صوبے اور یونٹس وقت کی ضرورت ہیں۔سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ ملکی مسائل کا حل نئے صوبوں کے قیام میں ہے اور نئے صوبے بننے سے معیشت میں بہتری آئے گی، انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت دیگر صوبائی تحریکوں کے رہنما بھی نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے آواز اٹھاتے رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments