کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو سعودیہ کیساتھ ہونگے :ڈار

کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو سعودیہ کیساتھ ہونگے :ڈار

پاکستان ادھار دینے والا ملک ہوگا:برطانوی ہائی کمشنر، چینی سفیر سے ملاقات اسلام آباد معاہدہ آگے بڑھنے کا راستہ، نیٹلی بیکر سے گفتگو، مصری وزیر خارجہ کا فون

اسلام آباد (وقائع نگار، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی قوت بنے گا، ادھار لینے والا نہیں بلکہ دینے والا ملک ہوگا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 57 اسلامی ممالک کی  سربراہی کرنی ہے ، پاکستان مضبوط ہونے لگتا ہے تو عالمی اور علاقائی سازشیں شروع ہوجاتی ہیں، تاہم اب ڈیفالٹ اور قرض لینے کی بات نہیں ہورہی، آج پاکستان کو امن پسند ملک کہا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہوں گے ۔دریں اثنا اسحاق ڈار سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون اور حالیہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ 18 جون کو طے پانے والے اسلام آباد معاہدے پر اس کے متن اور روح کے مطابق عمل درآمد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے ۔

انہوں نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی مفادات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے گا۔ امریکی ناظم الامور نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور یوم آزادی پر مبارکباد دی۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ فریقین نے دوطرفہ تعاون اور تعلقات مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے بھی نائب وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ اسحاق ڈار نے براڈ پیک میں برفانی تودہ گرنے سے چینی کوہ پیما کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور میت چین منتقل کرنے کے لیے مکمل سہولت کاری کی یقین دہانی کرائی۔مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے یوم آزادی پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے پاک مصر قریبی و برادرانہ تعلقات کی توثیق کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...