پاکستان عالمی سیاست میں ابھرتی ہوئی ’ہِنج پاور‘ کے طور پر سامنے آ رہا ہے: فنانشل ٹائمز
اسلام آباد: (دنیا نیوز) برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق پاکستان عالمی سیاست میں ایک ابھرتی ہوئی ’ہِنج پاور‘ کے طور پر سامنے آ رہا ہے، پاکستان امریکا، چین، خلیجی ریاستوں اور ایران کے ساتھ بیک وقت روابط کو تزویراتی قوت میں بدل رہا ہے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق پاکستان نے واشنگٹن اور تہران کے براہ راست مذاکرات کی میزبانی کرکے اپنی سفارتی اہمیت کا واضح اشارہ دیا، پاکستان بدلتے ہوئے عالمی نظام میں زیادہ فعال اور مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے آگے بڑھ رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی علاقائی سلامتی کی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ پاکستان کی بڑی تزویراتی قوت یہ ہے کہ وہ واشنگٹن اور بیجنگ دونوں کے ساتھ مفادات پر مبنی شراکت داری رکھ سکتا ہے۔
فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ پاکستان خلیجی ریاستوں اور ایران دونوں کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے کی منفرد صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان کسی ایک عالمی کیمپ تک محدود ہوئے بغیر مختلف طاقت کے مراکز کے ساتھ کام کرنے والی اہم درمیانی طاقت بن رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا کے ساتھ کرپٹو اور اہم معدنیات کے شعبوں میں تجارتی امکانات پاکستان کی نئی معاشی سفارت کاری کا حصہ ہیں جبکہ وسط ایشیا کو پاکستانی بندرگاہوں سے ملانے کا منصوبہ نئی منڈیوں اور علاقائی تجارت کے دروازے کھول سکتا ہے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق سعودی پشت پناہی پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے اعتماد کا اہم سہارا بن سکتی ہے، پاکستان اپنے جغرافیائی گردونواح کی حدود سے نکل کر وسیع تر عالمی کردار حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی خارجہ حکمت عملی اسے بیک وقت امریکا، چین، مشرق وسطیٰ اور وسط ایشیا میں تزویراتی گنجائش فراہم کر رہی ہے، اسلام آباد کی بڑھتی ہوئی سفارتی سرگرمی پاکستان کو عالمی طاقتوں کے درمیان ایک اہم رابطہ کار ریاست بنا رہی ہے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق نئی عالمی بساط میں پاکستان کی تزویراتی اہمیت اس حد تک بڑھ رہی ہے کہ اسے عالمی ’رسک بورڈ‘ پر الگ مقام ملنا چاہئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments