طے شدہ مفاہمتوں پر موثر عملدرآمد یقینی بنا نا چاہیے :اسحاق ڈار

طے شدہ مفاہمتوں پر موثر عملدرآمد  یقینی بنا نا چاہیے :اسحاق ڈار

اسلام آباد(وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کثیرالجہتی فورمز پر طے پانے والی مفاہمتوں اور فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنا نا چاہیے۔۔۔

وہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے امیدوار سفیر اولارا اوتونو اور یوگنڈا کے صدر کے خصوصی ایلچی و سابق وزیراعظم روہاکانا روگنڈانے سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے ۔ فریقین نے بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے اور کثیرالجہتی نظام کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔اسحاق ڈار نے بین الاقوامی قانون کے احترام اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی فلسطین اور کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عملدرآمد کی اہمیت پر بھی زور دیا اورامید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے آئندہ سیکرٹری جنرل عالمی سطح پر درپیش عصری چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ کی صلاحیت کو مؤثر بنانے میں فعال کردار ادا کریں گے ۔ یوگنڈا کے صدر کے خصوصی ایلچی نے نائب وزیراعظم کو یوگنڈا کے دورے کی دعوت بھی دی۔

دریں اثنا وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں حالیہ سفارتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ان کے حالیہ دوروں کے دوران طے پانے والی مفاہمت اور اتفاق رائے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات، حالیہ سفارتی روابط اور ملاقاتوں کے اہم نتائج، جبکہ آئندہ ہونے والی سفارتی سرگرمیوں کی تیاریوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔علاوہ ازیں اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں نیپال کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس قدرتی آفت کے اثرات سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...