بلوچستان :ریاست مخالف سرگرمیاں ، 95 یونیورسٹی اساتذہ سمیت 100 ملازمین برطرف
سوشل میڈیا پر 16ہزار 367سائٹس بھی بند کر دیں :سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات ،بریفنگ صوبے کے تمام کالجز میں تنظیمی تقریبات و سرگرمیوں پر پابندی کے احکامات پر سخت عملدرآمد کی ہدایت
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )بلوچستان حکومت نے ریاست مخالف بیانیے کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر 16ہزار 367سائٹس بند کر دیں جبکہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں95 یونیورسٹی اساتذہ سمیت 100سرکاری ملازمین کو ملازمت سے بھی برطرف کر دیا ۔بلوچستان کے سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات نے کوئٹہ میں سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز کو وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں دی گئی بریفنگ کے دوران مزید بتایا کہ سوشل میڈیا پر ریاست مخالف بیانیے سے متعلق 20 ہزار 117 سائٹس کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 16 ہزار 367 کو بند کر دیا گیا ۔ اس موقع پر بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
سیکرٹری داخلہ نے مزید بتایا کہ برطرف سرکاری ملازمین میں محکمہ صحت کے 3 اہلکار بھی شامل ہیں ، مزید دو اساتذہ کے خلاف مقدمات زیرِ التوا ہیں۔ دوسری طرف بلوچستان کے محکمہ کالجز و ہائر ایجوکیشن نے صوبے کے تمام ڈگری اور انٹر کالجوں میں مختلف تنظیموں کی جانب سے تقریبات اور سرگرمیوں پر پابندی کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ جاری مراسلے کے مطابق تعلیمی اداروں میں کسی بھی قسم کی تقریبات، اجتماعات اور تنظیمی سرگرمیاں مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر منعقد نہیں کی جا سکتیں،تمام کالج پرنسپلز اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں ،خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments