کراچی میں نفرت، تعصب کی سیاست کا خاتمہ ضروری، سعید غنی

کراچی میں نفرت، تعصب کی سیاست کا خاتمہ ضروری، سعید غنی

ماضی میں بدامنی اور قومیت کے نام پر قتل و غارت گری نے شہر کی ترقی کو متاثر کیا وزیر محنت کا فنکشنل لیگ کے عہدیداران کی پی پی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب

کراچی (این این آئی) وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ 1980ء کی دہائی سے قبل کراچی معاشی اعتبار سے دنیا کے نمایاں شہروں میں شمار ہوتا تھا، تاہم اس کے بعد لسانیت اور تعصب کی سیاست، بدامنی اور قومیت کے نام پر قتل و غارت گری نے شہر کی ترقی کو متاثر کیا، کراچی میں پانی، سیوریج، گیس اور بجلی سمیت بنیادی مسائل کے حل کے ساتھ نفرت کی سیاست کا خاتمہ بھی ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ضلع کورنگی میں فنکشنل لیگ کے عہدیداران اور کارکنان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے دوسری سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے ہیں، جس سے پارٹی اور شہر کے عوام دونوں کو فائدہ ہوا ہے۔

پیپلز پارٹی قومی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور قومیت، زبان، مذہب یا مسلک کی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم کرنے کی سیاست نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ماضی میں لسانی اور قومی تعصب کے باعث شدید بدامنی کا شکار رہا۔ دو سے ڈھائی دہائی قبل شہر کی سڑکوں پر ہونے والی خونریزی میں بہت سے لوگ محض زبان یا قومیت کی بنیاد پر نشانہ بنے ۔ اردو، پشتو، سندھی، بلوچی یا پنجابی بولنے والے شہریوں کے درمیان نفرت پیدا کرنے کے بجائے سب کو یکساں حقوق اور مواقع ملنے چاہئیں ۔انہوں نے سیاسی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ تعصب اور نفرت کی سیاست کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر شہر میں لسانی تعصب اور نفرت کو ہوا دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں، اگر کراچی، سندھ اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو لوگوں کے ذہنوں اور دلوں سے نفرت کی سیاست ختم کرنا ہوگی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...