عمران کا خط انکے ہرلفظ ،جملے کی دستاویزی شکل:سلمان صفدر

عمران کا خط انکے ہرلفظ ،جملے کی دستاویزی شکل:سلمان صفدر

خط مؤکل کی امانت،عمران کے الفاظ میں قلمبند،لطیف کھوسہ نے بھی ساتھ نوٹ کیا ’’زندہ رہو نگا تو ہی کیسز لڑوں گا ، بے گناہی ثابت کرو نگا‘‘عمران نے جملہ 3بار ادا کیا این سی اے کا گواہ نہ دستاویز، القادر کیس کے شواہد پرلوگ حیران رہ جائیں گے :گفتگو

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر ، عمران خان کے حالیہ خط کے مندرجات، ان کی صحت کی تشویشناک صورتحال  اور جیل میں قیدِ تنہائی کے حوالے سے اہم تفصیلات سامنے لے آئے ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا خط ان کی یادداشت پر مبنی نہیں تھا بلکہ ملاقات کے دوران ادا کئے گئے ہر لفظ اور جملے کی لفظ بہ لفظ دستاویزی شکل ہے جسے سردار لطیف کھوسہ بھی ساتھ ساتھ نوٹ کر رہے تھے ،انہوں نے کہا کہ خط کا متن ایک موکل کی جانب سے اپنے وکیل کے سپرد کی گئی امانت ہے ، جسے اسی انداز اور الفاظ میں قلم بند کیا جس طرح عمران خان نے بیان کیا تھا، بانی پی ٹی آئی نے واضح اور دوٹوک ہدایت دی تھی کہ میرا یہ خط چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ، چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان اور ایف سی سی کے چیف جسٹس کو پہنچایا جائے جہاں بشریٰ بی بی اور ان کے اپنے علاج معالجے سے متعلق معاملات زیرِ التوا ہیں،وکیلِ صفائی نے بتایا کہ ملاقات میں عمران خان نے اپنی قید و بند، قیدِ تنہائی میں گزارے گئے وقت اور وہاں دستیاب و غیر دستیاب سہولیات کی تفصیلات نہایت وضاحت سے بیان کیں۔

اس مرتبہ بانی نے جس معاملے پر سب سے زیادہ زور دیا وہ ان کا مسلسل بڑھتا ہوا اور بے قابو بلڈ پریشر ہے ، عمران خان نے آگاہ کیا کہ دوائیاں بھی اثر نہیں کر رہیں، ان کا بلڈ پریشر بالترتیب 150، 160، 170، 190 اور 192 سے ہوتا ہوا 193 کی ریڈنگ تک ریکارڈ کیا گیا جو کم ہونے کے بجائے 200 کی طرف بڑھ رہا ہے ،بیرسٹر سلمان صفدر نے عمران خان کے تشویشناک طبی خدشات ان کے اپنے الفاظ میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے تین اہم جملے کہے کہ ‘مجھے برین ہیمرج کا شدید خطرہ لاحق ہے ، مجھے ہارٹ اٹیک کا شدید خطرہ لاحق ہے ، یہ کہ ڈاکٹروں کے مطابق مسلسل بلڈ پریشر ہائی رہنے کی وجہ سے کسی حد تک ان کا دل پہلے ہی متاثر ہو چکا ہے ،میڈیا ٹاک میں سابق وزیراعظم کے وکیل نے مزید بتایا کہ پوری گفتگو کے دوران عمران خان نے 3 مختلف مواقع پر یہ جملہ دہرایا کہ ’’زندہ رہوں گا تو ہی کیسز لڑوں گا اور اپنی بے گناہی ثابت کروں گا‘‘ انہوں نے وکلا کے ذریعے ججز تک یہ پیغام پہنچانے کی درخواست کی تھی،انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس کی مرکزی اپیل پر باقاعدہ دلائل کا آغاز ہو گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ این سی اے کا اس کیس میں نہ کوئی گواہ ہے نہ کوئی دستاویز، رقم بیرون ملک سے پاکستان آئی، عمران خان کے اکاؤنٹ میں ایک پیسہ نہیں گیا،بشریٰ عمران کے ذاتی اکاؤنٹ میں بھی کوئی رقم منتقل نہیں ہوئی، رقم سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے اکاؤنٹ میں جمع ہوئی اورموجود رہی،القادر ٹرسٹ کیس کے شواہد سامنے آئے تو لوگ حیران رہ جائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...