50ہزار ڈالر کی کرپٹو کرنسی ماؤنٹ ایورسٹ میں چھپادی گئی
سوال جواب کی مشہور آن لائن ویب سائٹ آسک ایف ایم نے حال ہی میں اپنی کرپٹو کرنسی ’’اے ایس کے ٹی‘‘جاری کی اور اسے لوگوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ڈبلن(نیٹ نیوز)انہوں نے 50 ہزار ڈالر کرنسی کے ٹوکن ماؤنٹ ایورسٹ میں چھپا دیئے ہیں اور بہادر کوہ پیماؤں سے کہا ہے کہ وہ اسے ڈھونڈ نکالیں تو یہ کرنسی ان کی ہوگی۔آسک ایف ایم اس وقت دنیا بھر میں یاہو آنسر اور کورا سے بھی بڑا پلیٹ فارم ہے جہاں سوالات کے جوابات دیئے جاتے ہیں ۔ اب اس کمپنی نے اپنی کرپٹو کرنسی جاری کی ہے ۔ اس کی تشہیر کیلئے انہوںنے مائونٹ ایورسٹ کی چوٹی پر ہزاروں ڈالر کرنسی کے ٹوکن چھپا دئیے ہیں تاکہ لوگ ہمت کرکے انکے مالک بن سکیں، یہ رقم مختلف مقامات پر دفن کی گئی ہے ۔آسک ایف ایم کی ایک تشہیری ویڈیو میں پیغام دیا گیا کہ اگر آپ بہادر ہیں تو جائیں تیاراور کرنسی ڈھونڈ نکالیں تاہم کمپنی نے یہ نہیں بتایا کہ کرنسی چھپانے اور اس ویڈیو کی تیاری میں ایک شخص کی جان بھی جاچکی ہے ،خدشہ ہے کہ اس لالچ میں کوہ پیمائی سے نابلد افراد بھی کود پڑیں گے اور رقم کیلئے اپنی جان خطرے میں ڈالیں گے ۔واضح رہے آسک ایف ایم نے یوکرائن کے تین کوہ پیما اور دو رضا کاروں کو ویڈیو کیلئے پہاڑ پر بھیجا تھا جن میں سے ایک ہلاک ہوگیا تھا اور کمپنی نے اسکا اعتراف بھی نہیں کیا ۔