’’مریکل ملی‘‘ کتے کی 49کلوننگ کاپیاں
دنیا میں سب سے زیادہ کلوننگ شدہ کتے ’’مریکل ملی‘‘ کو 49 کلون کاپی بننے پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرلیا گیا۔
سیول(نیٹ نیوز)بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کا متنازع ریسرچ ادارہ سوآم بائیوٹیک 2006 سے کتوں کی کلوننگ کر رہا ہے تاہم گزشتہ برس اگست سے اس ادارے نے مخصوص نسل کے 6 سالہ کتے ’’مریکل ملی‘‘ کی کلوننگ کر کے اس جیسے 49 کلون کتے بنالئے ہیں۔شکل و صورت اور جسامت میں ایک جیسے دکھائی دینے والے یہ کلون کتے مریکل ملی کی کاربن کاپی لگتے ہیں۔ ابتدا میں مریکل ملی کی 10 کلون کاپیوں کا ارادہ تھا تاہم یہ تعداد اب بڑھتے بڑھتے 49 تک جاپہنچی ہے تاہم سائنسدانوں نے اس عمل کو فطرت کیلئے خطرناک قرار دیا ہے اور مکمل معلومات، جامع کیس ہسٹری اور محفوظ ترین احتیاطی اقدامات کے بغیر کلوننگ کو کرہ ارض اور نسل انسانی کیلئے تباہ کن عمل کہا ہے ۔سائنسدانوں نے تنبیہ کی کہ کلوننگ کا عمل نہایت ضرورت پڑنے پر اور ایک خاص تعداد تک کیا جانا تو محفوظ ہوسکتا ہے لیکن اس ٹیکنالوجی کا بے تحاشا اور بے دریغ استعمال نقصان دہ ثابت ہوگا۔ واضح رہے 1996 میں سب سے پہلے کلون ٹیکنالوجی کا تجربہ کیا گیا تھا جس میں ایک بھیڑ کی کلوننگ کی گئی تھی اور کلون شدہ بھیڑ کو ’’ڈولی‘‘ کا نام دیا گیا تھا۔